وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما اور رکن شوری عالی علامہ محمد اقبال بہشتی نے علامہ تلاوت حسین شیرازی کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مزمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو ریاستی ادارے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر کے اہل خانہ کے سامنے زبردستی اغوا کر کے لے جاتے ہیں اور پھر کئی کئی سالوں تک ان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جاتی۔ کسی شخص کی جبری گمشدگی آئین و قانون کی نفی اور انسانی حقوق سے متصادم ہے۔ یہ مشق ریاستی اداروں کی ساکھ کے حوالے سے منفی تاثر پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے یا اس کا کوئی عمل ملکی قوانین سے انحراف کے زمرے میں آتا ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جانا چاہیے تاکہ شواہد کے مطابق سخت سے سخت سزا مل سکے۔ کسی کو جبری لاپتا کرنا آئین و قانون سے ماورا اور قابل مذمت فعل ہے۔انہوں نے مولانا خضر احمد ومولانا تلاوت شیرازی اور دیگر لاپتہ افراد کی جلد سے جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔