وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اتوار کے روز اسلام آباد ،لاہور،کراچی، پشاور،کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں امریکی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہروں میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین، شیعہ اکابرین ،مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید علی رضوی نے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا بدترین اور مکار دشمن ہے۔اسے جب بھی موقعہ ملا اس نے امت مسلمہ کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا۔امریکی کی دوستی کو بدترین دشمنی میں بدلتے ہوئے مسلمان حکمرانوں نے متعدد بار دیکھا ہے۔عالم اسلام کو اپنی بقا و سالمیت کے لیے امریکی حصار سے باہر نکلنا ہو گا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ عراق کے اندر امریکہ کی نگرانی میں عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے انبیا و اصحاب کرام رضوان اللہ کی قبروں کو مسمار کرکے اجساد مبارکہ کی توہین جیسے انتہائی اقدام شروع کر دیے تھے جنہیں روکنے کے لیے جنرل قاسم سلمانی نے علم جہاد بلند کیا اور عراق کوداعش کے نجس وجود سے پاک کیا۔مقدسات کی حفاظت کرنے والے قاسم سیلمانی امت مسلمہ کے عظیم سپاہی تھے۔امریکہ نے دہشت گردانہ سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹ دور کرنے کے لیے انہیں شہید کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جامع مسجد خطیب علامہ اختر عباس نے کہا امریکہ کا یہ بزدلانہ فعل اس کے زوال کی نوید ثابت ہو گا۔ اس وقت عالم اسلام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔امریکی بلاک میں جو بھی مسلمان ملک شامل رہا اسے اسلامی مفادات کا دشمن سمجھا جائے گا۔اب مصلحت پسندی کی بجائے جرات مندانہ فیصلوں کی گھڑی ہے۔تاریخ بڑی بے رحم ہے اور مصلحت کے نام پر بزدلی دکھانے والے کو کبھی معاف نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے مادر وطن کو اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
علامہ شیر علی انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو واضح کرنا ہو گا کہ مغربی امداد یا دباؤ کا کوئی بھی حربہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتا۔ پوری قوم اپنے ملک کو ہر قسم کے بیرونی دبا? سے آزاد دیکھنا چاہتی ہے۔ماضی میں امریکہ کے ساتھ اتحاد اور ڈو مور کے مطالبے کے نتائج دہشت گردی کی شکل میں آج تک پوری قوم بھگت رہی ہے۔ امریکہ کی رعونت اسے بہت جلد ڈبو دے گی۔ٹرمپ کی غیر دانشمندانہ اور متعصب پالیسیوں کے باعث آج پوری دنیا میں امریکی شہری شدید خوف و ہراس اور بے چینی کا شکار ہیں۔دین اسلام ہمیں امن کا درس دیتا ہے لیکن کسی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ اس کے ہاتھ امت مسلمہ کے گریبانوں تک جا پہنچے۔ایسے اسلام دشمنوں کے خلاف نتیجہ خیز جدوجہد ہی عین اسلام ہے۔آج پوری دنیا کے مسلمان امریکہ اور اس کے حواریوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ ہر طرف سے بلند ہونے والی یہ صدا امریکی کی جلد نابودی کا اعلان ہے۔احتجاجی ریلی میں ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی سمیت شہر کی دیگر تنظیموں کے قائدیں نے بھی شرکت کی اور آخر میں امریکی پرچم اور صدر ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔