وحدت نیوز(جیکب آباد) سید غلام نبی شاہ کی رسم نکاح کے موقعہ پر تقریب جشن میلاد کا انعقاد۔ نعت خوان حضرات نےبارگاہ رسالتؐ میں ھدیہ نعت اور بارگاہ اھل بیتؑ میں ھدیہ منقبت پیش کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے (نکاح قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں) کے موضوع پر خطاب کیا۔
تقریب میں سابق چیئرمین سینٹ اور موجودہ وفاقی وزیر جناب محمد میاں سومرو کی خصوصی شرکت۔ تقریب سے سید غلام شبیر نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ قرآن و سنت میں نکاح کی اہمیت اور ثواب پر تاکید کی گئی ہے۔ جس نے نکاح کیا اس نے اپنا آدھا دین محفوظ کر لیا اور شادی شدہ انسان کی ایک رکعت نماز غیر شادی شدہ کی ستر رکعت نماز کے برابر ہے۔
انہوں نےکہا کہ اھل خیر حضرات اجتماعی شادیوں کا انعقاد کرکے غریب جوڑوں کے لئے جہیز اور اخراجات کا اہتمام کریں۔ نوجوانوں کے جلد نکاح کرکے معاشرے کو فساد سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نےکہا کہ نکاح میں بے جا اخراجات اور فضول خرچی سے اجتناب ضروری ہے۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے وفاقی وزیر جناب محمد میاں سومرو سے جیکب آباد اور شکارپور کے وارثان شہداء سے متعلق مختلف مسائل پر بھی گفتگو کی۔