وحدت نیوز(رحیم یارخان) مکاتب ولایت پاکستان کے زیراہتمام ضلع رحیم یار خان کے قرآن و دینیات سینٹرز کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کا پروگرام مدرسہ جامعہ امام حسن مجتبی ع ظاہر پیر میں منعقد ہوا۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، جامعہ امام حسن مجتبی ع کے پرنسپل علامہ ضمیر حسین بخاری، مکاتب ولایت پاکستان کے انچارج علامہ مراد علی بلاغی، علامہ عبدالرزاق نجفی ،ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل برادر غلام اصغر تقی و دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت ضروری ہے کیونکہ بعثت انبیاء کرام کا مقصد پہلے تزکیہ و تہذیب نفس بیان کیا گیا ہے بعد میں تعلیم کتاب و حکمت ۔ جب تعلیم خوف خدا اور تہذیب نفس کے بغیر ہوگی تو فساد ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ معلم قرآن کو مربی بن کر بچوں کی تربیت کرنی چاہئے ۔
انہوں نےکہا کہ مبلغین اور معلمین قرآن مطالعہ کی عادت بنائیں تاکہ وہ دین سے متعلق نئے مطالب اور مستند باتیں لوگوں تک پہنچائیں ۔ نماز جمعہ کے خطبات مقامی زبان میں ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو تقوی اور تہذیب نفس کی دعوت کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ سے آگاہی حاصل ہو۔اس موقع پر دینیات سینٹرز کے پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔