وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید ناصر شیرازی اور مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے غزہ پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔رہنماؤں نے کہاہے کہ غزہ کی پٹی کو اسرائیلی جنگی طیاروں کے ذریعے مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔فلسطین میں بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر عالمی طاقتوں کی خاموشی، بے حسی کی افسوسناک مثال ہے۔
رہنماؤں نے کہاکہ اسرائیلی افواج مظلوم فلسطینیوں پر مظالم کی بدترین تاریخ رقم کرنے میں مصروف ہے۔اسرائیل کے جارحانہ عزائم کے نتائج پوری دنیا کےلئے بھیانک ثابت ہو سکتے ہیں۔عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو اس بربریت سے روکیں۔فلسطین پر شب خون مارنے کی کوشش آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ اگر اس آگ پر قابو نہ پایا گیا تو یہ اور بہت سارے دامنوں سے لپٹ جائےگی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر، یمن اور فلسطین سمیت آج پوری دنیا میں مسلمانوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔عالم اسلام کے مسائل سے اقوام عالم کی دانستہ چشم پوشی عالمی امن کےلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنی بقا وسالمیت کےلئے پوری دنیا کے مظلومین کے حق میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ عالم اسلام کے مقابلے میں عالم کفر متحد ہو چکا ہے۔طاغوتی طاقتوں کو سرنگوں کرنے کےلئے عالم اسلام کا باہم ہونا ناگزیر اور بنیادی شرط ہے۔امت مسلمہ کو اپنے افکار ونظریات کا دفاع کرنے کےلئے بابصیرت اور پُرحکمت کردار ادا کرنا ہو گا۔