وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں عارف حسین الجانی کو امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مرکزی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی ، صوبائی سیکریٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی ودیگر قائدین نے لاہور میں ہونیوالے آئی ایس او کے مرکزی کنونشن کی کامیابی پر بھی آئی ایس او کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ عارف حسین کے کامیاب دورانیہِ صدارت کیلئے دعاگو ہوں، خدا سے دعا ہے برادر کی توفیقات خیر میں اضافہ ہو اور اس ذمہ داری کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے برادران امامیہ و شیعہ جوانان کی ترجمانی کرتے ہوئے بہتر سے بہترین کارکردگی ہو۔
قائدین نے کہا کہ نوجوانوں کی فکری رہنمائی اور تربیت میں آئی ایس او کا نمایاں کردار ہے، آئی ایس او ملک عزیز کے تعلیمی اداروں میں بہتر انداز میں دین کی خدمت میں مصروف ہے۔
انہوں نے آئی ایس او کے نومنتخب مرکزی صدر کی جانب سے رواں سال کو تربیت کے سال کے عنوان سے منانے کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے علماء آئی ایس او کے ساتھ ہیں اور ہر قدم پر ان کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔