وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں وکلا برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن اور فلاحی معاشرے کا قیام عدل و انصاف کی بالادستی سے مشروط ہے۔عام الناس کو انصاف کی بلاتفریق فراہمی کسی بھی کامیاب ریاست کابنیادی اصول ہے۔وہ قومیں جہاں عدل و انصاف کی فراہمی کے حوالے سے عوام طبقاتی تفریق کا شکار نہیں وہاں جرائم کی شرح ایسے ممالک کی نسبت بہت کم ہے جہاں بالا طبقہ قانون وانصاف کو گھر کی لونڈی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا عدم مساوات اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ہم اس دین کے پیروکار ہیں جسے پوری دنیا میں مساوات کا علمبردار سمجھا جاتا ہے۔غیر مسلم معاشرے آج بھی ایک فلاحی ریاست کی تشکیل کے لیے اسلامی تعلیمات کے بنیادی نکات پر عمل کو ضروری سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کی انصاف تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے اصلاحات کی گنجائش موجود ہے۔ عدالتی فیصلوں میں عام و خاص کی تخصیص یا شخصیات کے رتبے کو ملحوظ و خاطر رکھناانصاف کے عمل پر سوال اٹھاتا ہے۔
انہوںنے مزید کہاکہ ریاستی اداروں کی مضبوطی قومی ترقی اور ریاست کے استحکام کی ضمانت ہے۔جہاں ریاستی ادارے اپنا آئینی کردار اپنے اختیارات اور حدود کو پیش نظر رکھتے ہوئے منصفانہ انداز سے ادا کرتے ہیں وہاں عوام کو مسائل کا قطعی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والوں کا کڑا احتساب قانون و انصاف کا تقاضہ ہے۔ قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ریاست کی جانب سے ذمہ دارنہ طرز عمل کا مظاہرہ انتہائی ضروری ہے۔