وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے آزاد جموں کشمیر میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دلی رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ قدرتی آفت کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے ،مشیعت الہیٰ کے آگے ساری انسانیت سرتسلیم خم ہے ، خدا وند متعال تمام مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو صبر جمیل عنایت فرمائے ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےکہاکہ 2005 کے بعد یہ انتہائی تباہ کن اور خطرناک قدرتی آفت ہے ، جس نشانہ ایک بار پھر وادی کشمیر بنی ہے ، خدا اہلیان کشمیر کی مدد ونصرت فرمائے اور ان کی مشکلات دور فرمائے، انہوںنے حکومت پاکستان اور آزادکشمیر حکومت سے فوری امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کے لئے بہترین طبی سہولیات کا مطالبہ کیاہے ۔