وحدت نیوز(اسلام آباد) امریکہ یہ جان لے ساری دنیا کے باضمیر لوگ فلسطین کے مظلوم کے ساتھ ہیں، ڈیل آف سینچری کے ذریعے اسرائیل کی expansion فلسطینی کاز کے ساتھ خیانت ہیں،تمام فلسطینی جماعتوں اور عوام نے مشترکہ طور پر ڈیل آف سینچری کے نام پر منامہ میں ہونے والے اجلاس کی مخالفت کی ہےاور اس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، اور تمام اسلامی ممالک سے بھی فلسطینی عوام نے استعماری صہیونی سازش کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی مظلومین کے ساتھ ہیں،ڈیل آف سینچری کا بائیکاٹ اور اس کی مخالفت فلسطینی مظلوموں اور قبلہ اول کے ساتھ وفاداری ہےاوراسی طرح اس صہیونی سازش کی حمایت قبلہ اول اور فلسطینی مظلوموں کے ساتھ بے وفائی اور فلسطینی کاز کے ساتھ خیانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران اور مقاومت کا بلاک امریکہ اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور منصوبوں کے خلاف فرنٹ لائن ہے،انشااللہ بہت جلد امریکہ اور اس کے حواری پوری دنیا میں رسوا ہو کر رہیں گے، پاکستان کے غیور عوام امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جمہوری اسلامی ایران کے ساتھ ہیں ہم خطے میں امریکہ کی طرف سے ناامنی پیدا کرنے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں،جمہوری اسلامی ایران پر پابندیاں در اصل خطے میں گریٹر اسرائیل منصوبے کو عملی کرنے کے لئے ہیں،امت مسلمہ جمہوری اسلامی ایران کے ساتھ ہے اورانشااللہ گریٹر اسرائیل کا خواب چکنا چورہو گا اور کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا ۔