کراچی، ملت جعفریہ کا لاپتہ شیعہ افراد کی عدم بازیابی کیخلاف جیل بھرو تحریک کا اعلان

05 اکتوبر 2017

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے شیعہ رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے درجنوں لاپتہ شیعہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف جیل بھرو تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں، کل 6 اکتوبر بروز جمعہ سب سے پہلے میں خود خوجہ جامع مسجد کھارادر سے گرفتاری پیش کرونگا، اس کے بعد جیل بھرو تحریک کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور پھر پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا، جب تک ہمیں ہمارا آئینی حق نہیں مل جاتا، یہ احتجاج جاری رہے گا، مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی رہنما صغیر عابد رضوی، شیعہ علماءکونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی، پاسبان عزا پاکستان کے رہنماءراشد رضوی، علامہ جعفر سبحانی، یعقوب شہباز،مولانا عقیل موسیٰ، عارف عباس ترابی،مولانا صادق جعفری،مولانا علی انور جعفری،حسن رضا سہیل،رضی حیدر رضوی،ایس ایم نقی،نثار شاہ جی و دیگر بھی موجود تھے۔

 مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہم گزشتہ کئی سالوں سے اپنے لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کر رہے ہیں، سارے پاکستان سے درجنوں بے گناہ شیعہ افراد کو کبھی وردی اور کبھی سادہ لباس والے اٹھا کر لے گئے اور کچھ کو زیارات مقامات مقدسہ سے واپسی پر ایئرپورٹس سے لاپتہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان لاپتہ افراد کے اہل خانہ جن میں بوڑھے والدین، ان کے بیوی بچے بھی شامل ہیں، حیران و پریشان حالت میں در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور کہیں ان کا پتہ نہیں چلتا، متعدد مرتبہ ہم سے وعدے کئے گئے کہ ہم انہیں چھوڑ دیں گے اور اگر ان میں سے کچھ پر کوئی چارج ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کر دیں گے، ہم نے ہر دفعہ وعدوں پر بھروسہ کیا مگر ہمارے اعتماد کو مجروح کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ ملک کے موجودہ حالات میں ہم کسی سے محاذ آرائی نہیں چاہتے، ہم ایک پُرامن اور مہذب قوم ہیں، ہم اپنے بچوںکو غلط راہوں پر نہیں ڈالنا چاہتے، ہم نے عاشورا محرم کے دوران بھی اس بات کا خیال رکھا کہ جلوسوں کے دوران کوئی بدمزگی نہ ہو، لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ دہشتگردوں اور ملک دشمن عناصر کے ساتھ ہمارا موازنہ کیا جا رہا ہے، جبکہ آج تک ہماری جانب سے کبھی بھی ملک دشمن سرگرمی نہیں ہوئی اور ہم نے ہمیشہ امن و امان کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا، اگر احتجاج بھی کیا تو امن وامان برقرار رکھا۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اب ایک بار پھر ہم مجبور ہو کر جیل بھرو تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں اور یہ اسی لئے کر رہے ہیں کہ اپنے اسیر اور لاپتہ افراد کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کر سکیں، اس سلسلے میں کل 6 اکتوبر بروز جمعہ سب سے پہلے یہ ناچیز خود خوجہ جامع مسجد کھارادر سے گرفتاری پیش کرے گا، اس کے بعد جیل بھرو تحریک کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور پھر پورے پاکستان میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا، جب تک ہمیں ہمارا آئینی حق نہیں مل جاتا، یہ احتجاج جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کچھ نہیں مانگ رہے بلکہ پاکستان کے آئین اور قانون نے جو حق ہمیں دیا ہے، اسکا تقاضہ کر رہے ہیں، ہمارے لاپتہ افراد کو فوراً آزاد کیا جائے اور اگر ان میں کسی سے کچھ سے آپ کو کوئی شکایات ہیں تو انہیں ظاہر کرکے عدالتوں میں پیش کیا جائے، ان کے بوڑھے والدین، بیوی بچوں کو ان سے ملنے کا آئینی اور انسانی حق دیا جائے، اس تحریک میں ملت جعفریہ کی اکثر تنظیمیں، ادارے اور شخصیات شامل ہو چکی ہیں اور یہ تحریک سب کی طرف سے چلائی جا رہی ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree