اتحاد امت مصطفیٰ کا جمعہ کو امریکہ کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان،سانحہ راجہ بازار کی آڑمیں نذر آتش امام بارگاہوں کی تعمیرنو کا مطالبہ

24 اگست 2017

وحدت نیوز (لاہور) اتحاد امت مصطفی کے زیراہتمام شیعہ سنی اکابرین نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا،پریس کانفرنس میں ڈاکٹر امجد چشتی،پیر عثمان نوری،علامہ جاوید اکبر ثاقی،مجلس وحدت مسلمین کے سید ناصر شیرازی،سید اسدعباس نقوی و دیگر علماء و مشائخ شریک تھے،اتحاد امت مصطفی کے رہنماوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ،یہاں تمام مکاتب فکر کے نمائندہ رہنماوں کی موجودگی اس بات کی غمازی ہے کہ پاکستان کے تمام مکاتب و مسالک میں کوئی تفریق نہیں ہم متحد ہیں اور دشمن کیخلاف مشترکہ جدو جہد کا عزم بھی رکھتے ہیں،دشمن ہمیں تقسیم کرکے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے جسے ہم انشاء اللہ کا میاب نہیں ہونے دینگے،جس طرح قیام پاکستان کے لئے شیعہ سنی اکابرین نے مل کر جدو جہد کیا اور اس مملکت خدادا پاکستان کو حاصل کیا تھا انشاء اللہ اس کو بچانے کے لئے ہم مل کر باہمی وحدت سے کلیدی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں،پوری دنیا اس بات سے واقف ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی استعماری طاقتوں کو دنیا بھر میں بدترین شکست کا سامنا ہے ،ہم امریکہ کو ہرگز یہ اجازت نہیں دینگے کہ وہ اپنی شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالے،امریکی صدر کی ہرزہ سرائی پر ہمارے نااہل حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے اور پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ بھی ہے،سوائے چیف آف آرمی سٹاف کے کسی بھی ملکی ذمہ دار شخص نے امریکہ کو جواب نہیں دیا،جب کرپٹ حکمران کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وقار کا دفاع نہیں کرسکتے،امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا ،شام ،عراق ،افغانستان میں اس کا غرور خاک میں مل چکا ہے،امریکہ اپنی موت ابدی موت مرنے کو ہے،ہم ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کو پاکستانی عوام کی توہین سمجھتے ہیں،اتحاد امت مصطفیﷺ امریکی صدر کی ہرزہ سرائی کیخلاف جمعے کو احتجاج کریگی۔

اتحاد امت مصطفی کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایک اور اہم ایشو جس پر گفتگو کرنا مقصود ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ سنی سمیت تمام مذاہب و کاتب کے لوگ ہمارے بھائی ہیں ہم نے مل کر اس ملک کو حاصل کیا اور مل کر اس کی بقا و سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں،سانحہ راجہ بازار راولپنڈی پر آئی ایس پی آر کی انکشاف ہمارے اصولی موقف کی تائید ہے ہم نے اسی دن کہا تھا کہ یہ ایک سازش کا حصہ ہے جو شیعہ سنی مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کا ایجنڈا ہے،بدقسمتی سے مٹھی بھر شرپسند وں نے پاکستان میں بسنے والے بیس کروڑ عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے،اس واقعے کی آڑ میں پنجاب حکومت نے جس طرح ہمارے اہل تشیع برادری کیساتھ سلوک روا رکھا وہ انتہائی قابل مذمت ہے،حقائق کے سامنے آنے کے بعد پنجاب حکومت کیخلاف قانونی کاروائی کا متاثرین حق رکھتے ہیں،پنجاب حکومت نے اس واقعے کی آڑ میں محرم اور ربیع الاول کے جلوسوں کو محدود کرنے کی ناکام کوششیں کیں،راجہ بازار مسجد کو شرپسندوں نے جلایا ان کو کروڑوں روپوں میں معاوضہ ادا کیا گیا جبکہ اس واقعے کے بعد ناعاقبت اندیش لوگوں نے پنڈی کے اہل تشیع امام بارگاہوں کو نذر آتش کیا اور بے گناہ افراد کو قتل کیا ان کیخلاف کسی کاروائی کا نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ پنجاب حکومت کا اصل نشانہ اس واقعے کی آڑ میں صرف ایک ہی مکتب فکر کے لوگ تھے،آپریشن ردالفساد کی کامیابی پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے،لیکن پنجاب میں فسادی عناصر کھل عام نفرت کا پرچار کرتے پھر رہے ہیں،ان شرپسندوں کیخلاف کاروائی میں سکیورٹی فورسسز کو سب سے بڑی رکاوٹ صرف پنجاب حکومت ہے،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مخصوص سوچ رکھنے والے شرپسندوں کیخلاف ملک بھر میں کاروایؤں کو تیز کیا جائے،اور ان انسانیت دشمنوں کو مزید پنپنے کا موقع نہ دیا جائے،مصلحت پسندی اور سیاسی مفادات کے خاطر قومی سلامتی کو داوُ پر لگانے کی ہم اجازت نہیں دینگے،سانحہ راجہ بازار میں بے گناہ گرفتار افراد کو رہا کیا جائے اور حکومت پنجاب اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے ان مظلوموں کو ہرجانہ ادا کرے،بصورت دیگر متاثرین کے ہر جائز مطالبے کے لئے ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree