قائد اعظم جیسے عظیم رہنما کے وطن پر پانامہ زدہ حکمران مسلط ہو گئے،علامہ احمد اقبال رضوی

15 اگست 2017

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی  نےجشن آزادی کے موقع پر جعفرطیار سوسائٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے اسی جوش و جذبے اور جدوجہد کی ضرورت ہے جس کا اظہار تحریک پاکستان کے دوران کیا جاتا رہا ہے۔ہمیں مسلکی، لسانی اور دیگر حدبندیوں سے نکل کر ایک قوم کی شکل میں آگے بڑھنا ہو گا تاکہ وطن عزیز کو مستحکم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وطن خداوند کی طرف سے عظیم عطیہ اور نعمت ہے جو ان گنت قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔پاکستان کا نام اپنے اندر ایک معنویت،نظریہ اور جامعیت سمیٹے ہوئے ہے۔یہ ملک مادر وطن ہماری شناخت ہے۔برصغیر میں ہمیں قائد اعظم جیسی عظیم قیادت اور علامہ اقبال جیسے غیرمعمولی مفکر کی رہنمائی میسر تھی۔محمد علی جناح کی پوری ٹیم اپنی قوم اور مقصد کے ساتھ مخلص تھی۔اسی استقامت اور نیک نیتی کے نتیجے میں ہمیں آزاد ریاست ملی۔ آج بدقسمتی سے پانامہ زدہ بدعنوان لوگ ہم پر مسلط ہیں۔اسی کی دہائی میں سیاست میں آنے کے بعد نواز شریف کی دولت میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور آج اس کے بچے بھی ارب پتی ہیں۔لٹیرے حکمران اس ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔آج یہ اس قدر اخلاقی تنزلی کاشکار ہیں کہ قوم سے خطاب میں بھی جھوٹ بولا جاتا ہے۔اسی طرح آصف علی زرداری نے بھی اس ملک کوغیر معمولی نقصان پہنچایا ہے اور آج بھی وہ یہ سمجھ رہا ہے کہ اقتدار پر حق صرف اس کی نسل کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد ہو کر بھی اس ملک کو آج تک عالمی قوتوں کے تابع رکھا گیا ہے۔ عالمی طاقتوں کے مفادات کو مقدم سمجھا جاتا رہا اور قومی مفادات مصلحتوں کی نذر ہوتے رہے۔ہر طرح کے وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود بھی تعلیم ،صحت اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات زندگی میں مصلحتی تقاضے اور حکومتی نااہلی رکاوٹ بنی رہی۔انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے۔ ہم سب نے مل کر عہد کرنا ہو گا کہ مادر وطن کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے اور اس ملک کی سالمیت و بقا کے لیے بلاتخصیص رنگ و نسل جدوجہد جاری رکھیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree