وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان حکومت شیڈول فور کا غلط استعمال کررہی ہے۔علامہ نیئر عباس مصطفوی اور دیگر علمائے کرام کو سیاسی انتقام کے طور پر شیڈول فور میں ڈالا گیاہے۔ علامہ نیئر عباس نے نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنانے کے خلاف احتجاجا گرفتاری دی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کو صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کا پردہ چاک کرنے اور علاقائی مسائل کو ایڈریس کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔حکومت دوسال سے سکردو رود کی تعمیر کے حوالے سے جھوٹ پر جھوٹ بولتی جارہی ہے۔سی پیک کے حوالے سے کسی بھی فورم میں گلگت بلتستان کی کوئی نمائندگی نہیں، عوامی ملکیتی زمینوں پر قبضہ جیسے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے حکومت اپنے سیاسی حریفوں کو ہراساں کرنے پر تلی ہوئی ہے۔اپنی کارکردگی کو بہتر بناکر عوام کے دلوں میں راج کرنے کی بجائے حکومت نے ظلم و جبر کا راستہ اختیار کیا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حکومتی جبر کے آگے ہرگز تسلیم نہ ہوگی اور عوام کے حقوق کیلئے ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی چاہے اس کی کوئی بھی قیمیت چکانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ علامہ نیئر عباس کے ساتھ انصاف نہ کیا گیاتو ہرسطح پر احتجاج کا راستہ اختیارکرتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کیلئے عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔