وحدت نیوز(خیر پور) طالبانائزیشن کے خلاف محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتیں متحد ہوچکی ہیں، 16 مارچ کو خیرپور کے ممتاز گراؤنڈ میں ایم ڈبلیوایم کے زیراہتمام لبیک یارسول اللہ کانفرنس میں شیعہ سنی قائدین و عوام دہشتگردی کے خلاف اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گے، سندھ حکومت دہشتگردوں کی پشت پناہی چھوڑ دے، کراچی سمیت ملک بھر میں جاری بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری نے خیرپور کے علاقے حسین آباد میں کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین آئین پاکستان کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، پاکستان پیپلز پارٹی اپنے چیئرمین بلاول بھٹو کے طالبان دہشتگردوں کے خلاف دی جانیوالی پالیسیوں اور بیانات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے طالبان دہشتگری کے خلاف علمی اقدامات کریں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ 16 مارچ کو خیرپور کے ممتاز گراؤنڈ میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام لبیک یارسول اللہ کانفرنس میں شیعہ سنی قائدین و عوام دہشتگردی کے خلاف اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کریں گے، خیرپور انتظامیہ کی جانب سے لبیک یارسول اللہ کانفرنس کے انعقاد کیلئے دی جانے والی پرمیشن منسوخ کرنا ناقابل برداشت فعل ہے، خیرپور انتظامیہ اور سندھ حکومت کی جانب سے لبیک یارسول اللہ کانفرنس کے انعقاد کے خلاف اُوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہیں, اگر کانفرنس کے انعقاد میں مزید دشواریاں پیدا کی گئیں تو ایم ڈبلیو ایم 16 مارچ کو وزیراعلٰی ہاؤس کراچی کے باہر اور خیرپور ممتاز گراؤنڈ سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی اپنی بھرپور سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔قبل ازیں علامہ ناصر عباس جعفری جب اپنے دورہ کے موقع پر حسین آباد کے علاقے میں پہنچے تو اہل علاقہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ مختار امامی، عالم کربلائی، مہدی عباس، یعقوب حسینی اور منور جعفری و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔