وحدت نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ خود کو خادم اعلی کہلوانے والے شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ جنوبی پنجاب کے عوام کے بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے، نون لیگ کو عوام نہیں صرف اپنا اقتدار عزیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلاب سے متاثرہ لیہ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے رہنماء بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ لاہور میں اگر آدھا فٹ پانی بھی جمع ہوجائے تو شہباز شریف میڈیا کو دیکھانے کیلئے پانی میں پھرتے ہیں، تاہم یہاں کئی اضلاع سیلاب میں یکسر ڈوب چکے ہیں تاہم اب تک خادم اعلی کو دورہ کرنے تک کی فرصت نہیں ملی، انہوں نے کہا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پنجاب کے عوام کو حکومت نے بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے، غریب لوگوں کے مال مویشی، فصلیں، گھر سب کچھ تباہ ہوگیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے کسی قسم کا ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے اور تمام ٹیکسز معاف کرے۔ناصر شیرازی نے سیلاب ذدگان کیلئے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا دورہ بھی کیا، اور مقامی تنظیمی رہنماوں کی سیلاب کے بعد کی جانے والی کاوشوں کا سراہا۔