وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری (حفظ اللہ) نے مصر میں فوج کی جانب سے سینکڑوں انسانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تاریخ کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مصری فوج نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکی و اسرائیلی ایماء پر اپنے ہی ملک کے عوام کا قتل عام کرسکتی ہے۔ اس فوج کا ماضی گواہ ہے جس نے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ناصرف گھٹنے ٹیک دیئے بلکہ کئی علاقے اسرائیل کے قبضے میں دیدیئے، لیکن اب اپنے ہی ملک کے عوام کو فتح کرنے کیلئے جس انداز میں قتل عام کر رہی ہے وہ تاریخ کا بدترین واقعہ ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اس قتل عام میں جہاں امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک شامل ہیں وہیں وہ عرب ریاستیں بھی ملوث ہیں جنہوں نے ناصرف فوجی مداخلت کو مصر میں خوش آمدید کہا بلکہ اس کرائے کی قاتل فوج کیلئے اپنے خزانوں کے منہ کھول دیئے اور کئی ارب ڈالرز امداد دینے کا اعلان کیا۔ ان عرب ممالک میں قطر اور سعودی عرب سرفہرست ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس مسئلہ کو عالمی فورمز پر اٹھائے اور پاکستان کے عوام کی ترجمانی کی جائے، مصر کا معاملہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے جہاں شام میں حالات خراب کرنے کیلئے کردار ادا کیا، وہیں اب مصر کیلئے بدامنی کا ماحول بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔