وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا سالانہ ’’ناصران ولایت کنونشن‘‘ پاکستان میں وحدت کا عظیم مظہرثابت ہو گا، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے جذبے سے سر شار ہزارو ں کارکنان و ذمہ داران شرکت کریں گے۔ ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذیلی شعبے وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی چیئرمین سید فضل عباس نقوی نے ’’وحدت ہاؤس ‘‘ اسلام آباد میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ’’ناصران ولایت کنونشن ‘‘ سے متعلق انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مختلف ورکنگ کمیٹیوں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
سید فضل عباس نقوی کاکہنا تھا کہ ملک کے نوے اضلاع سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذمہ داران سمیت ہزاروں کارکنان کنونشن میں شریک ہوں گے اور رواں سال کے لئے تنظیمی پروگراموں کا تعین کریں گے جبکہ سال گذشتہ کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکالنے کے لئے پر عزم ہے اور ملک میں مذہبی ہم آہنگی و شیعہ سنی اتحاد کے لئے سرگرم عمل ہے، ان کاکہناتھا کہ مجلس وحدت مسلمین سر زمین پاکستان کے دفاع کی خاطر کسی بھی قسم کے راست اقدام سے گریز نہیں کرے گی اور ملک کو اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ عالمی استعمار امریکہ اور اسرائیل پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں تاہم مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی با وقار قیادت اور پر عزم کارکنان امریکی و صیہونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے سر زمین پاکستان پر سینہ سپر ہیں۔اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین اور وحدت اسکاؤٹس کے ذمہ داران میں اختر عمران، تنصیر حیدر، سمیت مولانا اسرار گیلانی، ملک اقرار اور وحدت یوتھ پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل مہدی عباس سمیت مسرور نقوی، ظہیر نقوی، ثاقب عباس، اور دیگر بھی موجود تھے۔