وحدت نیوز(راولپنڈی)پاکستان کا حساس ترین جلوس چہلم امام حسین علیہ السلام امام بارگاہ حفاظت علی شاہ راولپنڈی سے برآمد ہو کر پر امن انداز میں اختتام پذیر ہو گیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صف اول میں علم غازی عباس علمدار علیہ السلام تھامے اختتام تک موجود رہے ، جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستا ن کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی ، علامہ شفقت شیرازی ، علامہ حسنین گردیزی، علامہ علی شیر انصاری، علامہ ضیغم عباس ، علامہ اصغر عسکری ، علامہ فخر علوی، نثار علی فیضی،سابق رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزادار مر دوزن ،بزرگ و جوان اور شیر خوار شریک تھے، راولپنڈی کی تاریخ کے اس عظیم الشان جلوس اربعین میں نماز ظہرین علامہ محمد امین شہیدی کی زیر اقتداء ادا کی گئی ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد جلوس عزاء اپنے مقررہ راستوں سے ہو تا ہوا پر امن انداز میں امام بارگاہ کرنل مقبول پر اختتام پزیر ہو گیا۔واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ امین شہید ی خصوصی طور پر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ راولپنڈی کے حساس ترین جلوس اربعین میں شریک ہو ئے اور آخری لمحات تک جلوس عزاء کی قیادت کر تے رہے۔