وحد ت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے راولپنڈی واقعہ کی تحقیقات کیلئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو خوش آئند قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کو یہ اختیار بھی دیا جائے کہ وہ غفلت برتنے والے اداروں اور شخصیات کا بھی تعین کر سکے۔ مرکزی دفتر سے جاری بیان میں علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ جو سازش 2009ء میں کراچی میں تیار کی گئی وہی سازش راولپنڈی میں بھی دہرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء سے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں، پوری قوم اپنے اتحاد سے ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے واقعہ نے پنجاب پولیس اور حکومت کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے تمام دعوؤں کی دھجیاں بکھیر دیں ہیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا شہباز شریف کی حکومت میں ہی لاہور میں سانحہ یوم علی (ع) پیش آیا جس میں 50 سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے، گذشہ سال اسی راولپنڈی شہر میں سانحہ ڈھوک سیداں ہوا اور اسی طرز کے دیگر واقعات رونما ہوئے جن میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہو گئے، شہداء کے خانوادے یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ ان واقعات کیلئے جوڈیشل کمیشن کیوں تشکیل نہ دیئے گئے۔ انہوں نے ملت جعفریہ سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت کریں تاکہ دہشتگردوں اور تکفیریوں کو گرفت میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم تمام مکاتب فکر کی مساجد، امام بارگاہوں اور اہلسنت کے مقدسات کی حفاظت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں اور کسی بھی سازش کو ناکام بناتے ہوئے قومی وحدت کا ثبوت دیں۔