وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے بھارتی افواج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا یہ جارحانہ طرز عمل پورے خطے کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ بھارتی افواج کی مسلسل گولہ باری سے اب تک متعدد پاکستانی جاں بحق ہوچکے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پاکستان کے داخلی حالات کو اپنے لئے سازگار سمجھتے ہوئے بھارتی افواج کی طرف سے کسی بھی طرح کی دراندازی اس کی بقاء و سلامتی کو خطرے میں ڈال دے گی۔ افواج پاکستان اور قوم ملک میں دہشت گردی کے مقابلے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی بیرونی جارحیت سے نبردآزما ہونے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کسی مغالطے میں نہ رہے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اپنے دفاع کے لئے ہر قسم کے ہتھیاروں کے استعمال کرنے میں مکمل طور پر بااختیار ہے۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتیں بھارت کے اس رویے کا نوٹس لیں، جو اپنے غیر مدبرانہ اور جارحانہ رویے سے اقوام عالم کو شدید خطرات سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کبھی بھی جنگ کا حامی نہیں رہا، لیکن تاریخ شاہد ہے کہ جب بھی اس ملک پر جنگ مسلط کی گئی تو اس نے میدان جنگ کو دشمن کے قبرستان میں بدل کر اپنی طاقت کے جوہر کو عالمی سطح پر منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم سوامی آسیم آنند کی رہائی اور بھارت کی طرف سے بغیر پیشگی اطلاع کے پانی چھوڑ دینا پاکستان کی سلامتی کے خلاف اقدامات ہیں۔ بھارت کی اس آبی جارحیت سے ملک کا لاکھوں ایکڑ رقبہ متاثر ہو رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر موودی ایک متعصب شخص ہے، جو پاکستان کی سلامتی کا کھلے عام دشمن ہے۔ علامہ راجہ ناصر نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ضروری اقدامات کریں، تاکہ خطے کی سلامتی و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔