وحدت نیوز (مشہد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے زیراہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے موقع پر دفتر ایم ڈبلیو ایم میں صمیمی نشست کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان، حجتہ الاسلام والمسلمین عارف حسین تھہیم، حجتہ الاسلام والمسلمین خواجہ محمد سلیم، آغا ظہیر حسین مدنی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ الاسلام خواجہ محمد سلیم نے قائداعظم محمد علی جناح کی جہد مسلسل سے مزین زندگی کے پہلوئوں پر روشنی ڈالی، بعدازاں نشست سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان کا کہنا تھا کہ قائداعظم ایک مقتدر، آزاد، اسلامی اور قرآنی اُصولوں پر اُستوار پاکستان چاہتے تھے، جس میں ہر مذہب اور مسلک کے لوگ آزادی کے ساتھ رہ سکیں، دشمن پاکستان عناصر نے بانی پاکستان کے تفکر کو پس پشت ڈال کر ملک اغیار کی جھولی میں ڈال دیا ہے، آج بھی اگر ہم دنیا میں ممتاز اور نمایاں حیثیت حاصل کر نا چاہتے ہیں تو ہمیں قائد اُصولوں کو اپنانا ہوگا، بانی پاکستان کی فکر کو فراموش کرنے والے ملک دوست نہیں بلکہ ملک دشمن ہیں اور بدقسمتی سے آج وہی لوگ اس ملک پر مسلط ہیں، بعدازاں بانی پاکستان کی روح کی شادمانی کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔