وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل علامہ غلام محمد فخرالدین نے منگل کی شام کو مستونگ کے علاقے میں زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم، افواج پاکستان کے سربراہ اور بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظلوم پاکستانیوں کے دلوں کی آواز کو سنیں اور پاکستان اور اسلام دشمن طالبان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کریں۔ علامہ غلام محمد فخرالدین نے ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں اور سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملوں سمیت کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے والے رضاکاروں کی شہادت اور لاہور میں معروف مصنف اصغر ندیم سید پر ہونیوالے قاتلانہ حملے، پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے والے معروف عالم دین مولانا عالم شاہ موسوی کی شہادت کو ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردوں کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ طالبان مملکت خداداد پاکستان کے لئے کینسر بن چکے ہیں، جن کے خلاف سوائے فوجی آپریشن کے کوئی اور علاج ممکن نہیں۔