ہفتہ وحدت۔۔۔ایٹمی طاقت سے بڑھ کر

13 دسمبر 2016

وحدت نیوز(آرٹیکل) ہفتہ وحدت کا آغاز ہوگیاہے،مسلمان اپنے آخری نبیﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔پیغمبر رحمت ﷺ کی ولادت کا جشن ،مسلمانوں کو سیرت نبویؐ پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دیتاہے۔ایک طرف مسلمان جشن ِ ولادت پیغمبرؐ بنانے میں لگے ہیں اور دوسری طرف یہ بھی آج کی ہی خبر ہے کہ  کراچی سے پانچ دہشت گردوں کو تخریب کاری کی کاروائی  کرنےسے پہلے گرفتار کیا گیاہے۔پولیس کے مطابق یہ دہشت گرد ایک لمبے عرصے سے کراچی میں رہ رہے تھے اور انہوں نےافغانستان سے اسلحے اور بارود کی تربیت حاصل کی ہے۔دہشت گردوں نے کئی بچوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے اور سائٹ ایریا کی فیکٹری مالک سے بھتہ وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا  ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان پانچوں میں سے ایک کا تعلق بھی کسی غیر مسلم کمیونٹی سے نہیں ہے۔یہ پانچوں مسلمان ہیں اور ۱۲ ربیع الاول کو مسلمانوں پر ہی شب خون مارنا چاہتے تھے۔

چونکا دینے والی بات یہ بھی ہے کہ ان پانچوں  کا تعلق طالبان سے ہے اور ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ ۲۰۱۴میں  بھی انہی دنوں میں طالبان نے ۱۶ دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کر کے ادارے کے سربراہ کو آگ لگائی تھی اور مجموعا ۱۴۴ افراد کو شہید کیا تھا۔

سولہ دسمبر کی تاریخ کو ہی بنگلہ دیش بھی ہم سے جدا ہوا تھا اور اس سال اتفاق سے سولہ دسمبر کی تاریخ ہفتہ وحدت میں آرہی ہے۔دشمنان اسلام ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ مسلمان وحدت اور اخوت کے ساتھ رہیں چنانچہ اس مرتبہ ہفتہ وحدت کے موقع پر ہمارے سیکورٹی اداروں کو  پہلے سے کئی گنا زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

جہاں تک گرفتار شدہ دہشت گردوں کی افغانستان میں تربیت کی بات ہے تو ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے بعد یہ حقیقت اب کسی سے مخفی نہیں رہی کہ افغانستان اور بھارت  دونوں  ہی پاکستان کو اپنا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں۔

میڈیا میں متعدد چھپنے والی رپورٹس سے عیاں ہے کہ پاکستان میں سرگرم تمام پاکستان دشمن ٹولے را کی سرپرستی میں افغانستان میں ٹریننگ حاصل کرتے ہیں۔ان گروپوں کے نام مختلف ہیں لیکن مشن ایک ہی ہے کہ پاکستانی عوام کا قتلِ عام کیاجائے،پاکستان کے تجربہ کار اور جرات مند فوج اور پولیس کے جوانوں  کو تہہ تیغ کیا جائے،پاکستان کے دانشوروں ،ڈاکٹروں اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی جائے۔

ابھی گزشتہ روز ہی چارسدہ روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ  کر کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسر ڈی ایس پی ریاض الاسلام  کو ہلاک کیا ہے۔اس قتل کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی ہے۔

دہشت گردوں نے اپنا نیٹ ورک مضبوط کرنے کے لئے شروع میں یہ تاثر دیا کہ ہم فقط اہل تشیع کے دشمن ہیں جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے چہرے سے نقاب الٹتا گیا اور یہ حقیقت واضح ہوتی گئی کہ دہشت گردسرزمینِ عراق و شام کی طرح ارضِ پاکستان کے دشمن ہیں اور تمام پاکستانیوں کے خون کے پیاسے ہیں۔

دہشت گردی کا سرطان یوں تو پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے لیکن اس کا موجودہ مرکز بلوچستان ہے۔بلوچستان میں  افغان ایجنسی این ڈی ایس  کے دہشت گردوں کی نقل و حرکت،حقانی نیٹ ورک کی موجودگی،القاعدہ اور را  کے نیٹ ورکس  نیز ”لشکر جھنگوی العالمی“کے بارے میں خبریں آئے روز میڈیا میں گردش کرتی رہتی ہیں اور پاکستان دشمن کاروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔بنگالیوں کی طرح بلوچوں کو بھی پاکستان سے متنفر کرنے کے لئے اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے رہنے والوں کو اہل بلوچستان سے نفرت دلانے کے لئے مختلف  انداز میں  کام کیا جارہاہے۔

ایک طرف خود قبائلی تعصب کی آڑ میں بعض بلوچ قبائل کو خود مختاری کا نعرہ لگواکر پاکستان کی سالمیت کے خلاف اسلحہ اور ٹریننگ دی جاری ہے،دوسری طرف ہزارہ قبیلے پر قاتلانہ حملوں کے ذریعے اہل بلوچستان کے درمیان  قبائلی اور مسلکی نفرت کی خلیج کو وسیع کیاجارہاہے ،تیسری طرف خود ہزارہ برادری سے لوگوں کو متنفر کرنے کے لئے زائرین کا استحصال کیاجارہاہے اور چوتھی طرف عوامی وفوجی اورپولیس مراکز کو نشانہ بنا کر حکومتی رٹ کو کمزور ثابت کیاجارہاہے۔

یعنی خود بلوچستان کی سرزمین کو ہی پاکستان کو توڑنے کے لئے استعمال کیاجارہاہے۔یہ سب کچھ بظاہر مختلف لوگ کررہے ہیں لیکن درحقیقت ایک ہی ایجنڈے”پاکستان توڑنے” کی تکمیل کررہے ہیں۔

اس مرتبہ ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جہاں ہمیں مذہبی رواداری کو نبھانے کی کوشش کرنی چاہیے وہیں اجتماعی شعور اور ملی بیداری کے لئے بھی سعی کرنی چاہیے۔اپنی تقریروں اور تحریروں کے ذریعے ہمیں ملک دشمن عناصر کی فعالیت اور ان کے مذموم مقاصد کا پردہ بھی چاک کرنا چاہیے۔

ہفتہ وحدت کے وسیلے سے پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے اجتماعی شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔لوگوں کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ  ملک دشمنوں کے خلاف ،وحدت کی طاقت، ایٹمی طاقت سے بڑھ کرہے۔




تحریر۔۔۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree