The Latest
وحدت نیوز(لاہور) سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ زہرانقوی نے اپنے والد گرامی کے 24ویں یوم شہادت پر تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ مجھے فخر ہے کہ میں اس شھید کی بیٹی ہوں جو راہ کربلا کا مسافر تھا ، میرے بابا ڈاکٹر محمد علی نقوی کی شہادت نے فقط مجھے یتیم نہیں کیا بلکہ پوری ملت تشیع خود کو بے سہارا اور یتیم محسوس کرنے لگی ،شھید عارف حسین الحسینی کی المناک شہادت کے غم ابھی تازہ تھے کہ ایسے میں دشمن کی ایک اور کاری ضرب نے ملت تشیع کو زخمی کردیا ،شھید نے جوانوں کی نظریاتی و فکری تربیت کی ، انھیں انسانیت کا نصاب پڑھایا ، انھیں مقصد حیات بتایا،انھوں نے سکھایا کہ طاغوتی طاقتوں کے مقابل سر اٹھا کر کیسے جیا جاتا ہے،باطل طاقتوں کے آگے کیسے کلمہ حق بلند کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ شہید ڈاکٹرؒ اپنی ذات میں ایک تحریک تھے،شھید نقوی وہ عظیم ہستی تھی کہ جن کے لگائے ہوئے پودے آج ثمر آور درخت بن چکے ہیں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جیسا شجرہ طیبہ اور تنظیمی نوجوانوں کی تربیت ، ملک پاکستان میں نظریہ ولایت فقیہ کی ترویج ، خط امام خمینی کا تعارف اور عالمی استکباری قوتوں کی سازشوں سے ملت کو روشناس کروایا، شھید نے عظیم جدوجہد ، انتھک محنت اور اپنے پر خلوص عمل کی بدولت منزل شہادت کو پا لیا۔ اب ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم خط شھید پر کس قدر عمل پیرا ہیں اور اپنے وظیفے کو کس حد تک انجام دے دہے ہیں ۔
وحدت نیوز (رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع رحیم یار خان کے زیر اہتمام دوسری سالانہ “سیدة النساءالعالمین کانفرنس” کا انعقاد ہوا جس میں مختلف علاقوں سے خواتین کو مدعو کیا گیا ، اس پر وقار تقریب سے محترمہ کنیز فاطمہ(ایڈووکیٹ) اور محترمہ ام لیلی نے خطاب کیا،آخر میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع رحیم یار خان کی سیکرٹری جنرل سیدہ تنویر زھرا کاظمی نے خطاب کیا ۔
اپنے خطاب میں انھوں نے کہاکہ حضرت فاطمة الزھرا ع وہ بلند مرتبہ ہستی ہیں کہ جن کے فضائل کی کوئ حد نہیں ۔خود خدا ، اسکا رسولؐ ، اسکا ولیؑ سب ثناے زھراؑ کرتے دکھای دیتے ہیں، رسالت کا اٹھ کر جناب سیدہؑ کا استقبال کرنا ان کے ہاتھوں کا بوسہ لینا اور اپنی جگہ پر بٹھانا سیدہ سلام اللہ علیھا کی عظمت و رفعت کو ظاہر کرتا ہے۔انھوں نے امام جعفر صادق ع کا قول نقل کیا اور کہا کہ امامؑ فرماتے ہیں “ ہم خدا کی جانب سے تم پر حجت ہیں اور ہماری دادی زھرا ؑ ہم پر حجت ہیں” اسی طرح امام زمانہ عج اپنے ایک ارشاد میں حضرت فاطمة الزھرا س کا اپنے لیے اسوہ قرار دیتے ہیں، ہمیں کردار و سیرت جناب سیدہ کی معرفت حاصل کرکے اس پر عمل پیرا ہونا چاہیےتقریب کے اختتام بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گیے اور بہترین کارکردگی و تعاون پر ضلعی کابینہ کی تین عہدیداروں کو شیلڈ دی گئی۔
وحدت نیوز(لاہور) شعبہ خواتین ضلع لاھور کا مرکزی مسئول تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی کے زیر سر پرستی عظیم الشان جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمة الزھرا سلام اللہ علیھا کا انعقاد،جناب فاطمة الزھرا سلام اللہ علیھا سورة الکوثر کی تفسیر ہیں اور آپ کی شان و فضیلت لیلة القدر کی مانند ہے ، جس کا ادراک ممکن نہیں، وہ ایسی ہستی ہیں جن کی عفت و طہارت اور عظمت و بلندی تک کسی کو رسائی حاصل نہیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترنہ سیدہ زھرا نقوی نے ضلع لاھور شعبہ خواتیں کے زیر اہتمام جشن جناب سیدہؑ کے حوالے سے منعقدہ محفل میں کیا ،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اقبال بہشتی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
محترمہ زھرا نقوی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ خواتین اگر باشعور و آگاہ ہوں تو معاشرہ اصلاح و فلاح کی طرف گامزن ہوتا ہے، کسی بھی عظیم ھدف کو حاصل کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا یقینی طور پر کرنا ہوتا ہے اور ایسے میں ہم خواتین کو سیرت فاطمی و زینبی کو مدنظر رکھتے ہوے اپنی ذمہ داریاں انجام دینی ہونگی۔
اس پر مسرت جشن سعید سے علامہ اقبال بہشتی نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت زھرا سلام اللہ علیھا کی کنیزوں کے لیے لازم ہے کہ وہ حجاب شرعی کی پابند ہوں اور دیگر کو بھی ترغیب و تشویق دلائیں ، مذہب اھلبیت ع کی پیروکار خواتین کا معاشرے میں کردار اتنا بلند ہونا چاہیے کہ دیکھنے والے پہچان جائیں کہ یہ جناب سیدہ س کی کنیزیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دختر رسول اللہ حضرت زھرا سلام اللہ علیھا نے راہ خدا میں بے شمار قربانیاں دیں ، آپ کے در سے کوئ خالی ہاتھ نہ جاتا ، جو کچھ بھی آپ کے پاس ہوتا وہ رضاے خدا کی خاطر لٹا دیتیں حتی کہ جب دین اسلام کی بقا خطرے میں پڑی اور نبیؐ کے دین کو زک پہنچنے لگی تو آپؑ کی تمام اولاد نے اپنی اور اپنے کنبے کی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور پاکیزہ لہو سےدین کی جڑوں کو سیراب کیا۔
اس جشن میں ایم ڈبلیو ایم ضلع لاھور کے تمام سولہ یونٹس کی جانب سے بھرپور شرکت رہی اور محترمہ زھرا نقوی نے منتخب شدہ ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی سے حلف لیا ،اس پر رونق جشن کا اختتام محترمہ معصومہ نقوی کے دعائیہ کلمات سے ہوا۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین اور دیگر تنظیموں ، اداروں اور مدارس کے تعاون سے تیسرا سالانہ پروگرام “اسوہ فاطمی” کے عنوان سے ضلع حیدرآباد میں منعقد ہوا،ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ خواتین ضلع حیدر آباد کی جانب سے “اسوہ فاطمی” کانفرنس کے لیے مختلف علاقوں سے خواتین کو مدعو کیا گیا۔ اس کانفرنس کے آغاز میں مدرسہ جماران اور مدرسہ فاطمیہ کی بچیوں نے تلاوت قرآن اور مختلف ایکٹیویٹیز پیش کیں،کانفرنس میں پینل ڈسکشن کے لیے مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کو دعوت دی گئ جن میں جامعہ زھرا حیدر آباد سے محترمہ سائرہ شاہ،محترمہ کنیز زھرا، زبیری کالج کی پرنسپل محترمہ تہذیب شاہ ، ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت اور بیت زھراؑ حیدر آباد کی چیئر پرسن محترمہ عظمی تقوی اور ایڈووکیٹ شاکرہ نیاز نے خطاب کیا۔
ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی مسئول محترمہ عظمی تقوی صاحبہ نے اپنے خطاب میں کہا “ سیدہ زھرا سلام اللہ علیھا سورة کوثر کی عملی تفسیر ہیں آپؑ کی نسل پاک دنیا کے ہر کونے میں موجود ہے لیکن آپ کا دشمن بے نام نشاں ہیں ،خدا نے آپؑ کو وہ مقام عطا کیا ہے جو کسی اور خاتون کو نہیں بخشا آپ سیدة النساء العالمین ہیں ، ہمارے لیے باعث فخر و مباھات ہے کہ خدا نے ہمیں سیدہؑ کے در کا گداگر بنایا ہے ، جو آپ کے در سے متمسک رہا وہ دنیا و آخرت میں فلاح پاگیا،مقررین کے خطاب کے بعد سوالات و جوابات کا سلسلہ شروع ہوا،تقریب کے اختتام میں مہمان معلمات میں شیلڈ بطور انعام پیش کی گئ اور تمام معاون اداروں ، تنظیموں اور مدارس کی مدیروں کو اظہار تشکر کیلئے سرٹیفیکیٹ پیش کیے گئے۔
وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری تنظیم سازی محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا اور منعقدہ جشن ولادت جناب سیدہ سلام الله علیھا سے خطاب کیا ،آپ نے سیرت خاتوں جنت حضرت فاطمہ ع بیان کرتے ہوے کہا کہ فاطمہ زھرا(س) نے اپنے ماں باپ کی آغوش میں تربيت پائی اور معارف و علوم الہیٰ کو، سر چشمہ نبوت سے کسب کيا۔ انہوں نے جو کچھ بھی ازواجی زندگی سے پہلے سيکھا تھا اسے شادی کے بعد اپنے شوھر کے گھر ميں عملی جامہ پہنایا،وہ اپنے گھر کے امور اور تربيت اولاد سے متعلق مسائل پر توجہ دیتی تھيں اور جو کچھ گھر سے باہر ہوتا تھا اس سے بھی باخبر رہتیںیہی وجہ ہے کہ وقت آنے پر انھوں نے اپنے اور اپنے شوہر کے حق کا دفاع کیا ۔اس کے بعد مرکزی مسئول محترمہ معصومہ نقوی نے ضلع جھنگ کی سیکرٹری جنرل محترمہ نرجس عباس جعفری سے ملاقات کی اور جھنگ میں مزید یونٹ سازی کے حوالے سے اہم امور پر مشاورت کی۔ محترمہ نرجس عباس جعفری کی معاونت سے جھنگ میں مزید یونٹس قائم کیے جائینگے۔
وحدت نیوز (مٹیاری) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری روابط محترمہ سیمی نقوی نے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ دوست علی سعیدی اورخواتین کارکنان کے ہمراہ گوٹھ غلام حسین لغاری میں شھید محمد خان لغاری کے اھل خانہ سے ملاقات کی ، اس موقع پر محترمہ سیمی نقوی نے کہا کہ شھادت ہماری میراث ہے ہم شہادتوں پر واویلا نہیں کرتے بلکہ سیرت جناب زینبؑ پر چلتے ہوئے سجدہ شکر بجا لاتے ہیں ، بعد ازاں مقامی امامبارگاہ میں علاقے کی خواتین ان کی منتظر تھیں محترمہ سیمی نقوی نے گوٹھ گودر لغاری میں یونٹ قائم کیا اور کہا کہ موسم کی سختی کربلائی مائوں بہنوں کے حوصلے پست کرنے میں ناکام ہے ، ہم ہر مشکل اور سختی میں جناب زینب سلام الله علیھا کے طویل سفر اور تکالیف و مصائب کو یاد کرتے ہیں اور انھی سے درس استقامت حاصل کرتے ہیں۔ اس نشست میں محترمہ سیمی نقوی نے یونٹ ممبران سے حلف لیا اور تعلیم بالغاں سکول کی بنیاد بھی رکھی۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) والدین کی خدمت، شوہر کی اطاعت ، اولاد کی بہترین تربیت اور معاشرے میں الہی نظام کے لیے کوشاں رہنا یہ سب جناب زھرا سلام اللہ علیھا کی سیرت کو کردار سے ہمیں سیکھنے کو ملتا ہے، ان کاخیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین راولپنڈی ڈویژن کی سیکرٹری جنرل محترمہ قندیل زھرا نےایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے با مناسبت ولادت باسعادت حضرت فاطمة الزھرا سلام اللہھ علیھا “یوم مادر” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا، انہوںنے کہا کہ ہم زندگی کے تمام پہلو میں خاتون جنت جناب سیدہ ؑ کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہیں ، آج کے اس پر آشوب دور میں سیرت جناب سیدہؑ سے منسلک رہنے میں ہی ہماری نجات کا سامان ہے،اس موقع پر ضلعی کابینہ کی توسیع کی گئ اور مختلف شعبہ جات کی مسئولین کا انتخاب ہوا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سالمیت و استحکام کے لیے دعا مانگی گئی۔
وحدت نیوز(جہلم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جہلم کے زیر اہتمام الفضل میرج ہال دینہ میں دختر رسول اکرم ص, جناب فاطمہ الزہرا س کی ولادت باسعادت پر جشن کوثر کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس منعقد کی گئی جس میں شیعہ اور سنی علماء کرام نے بہترین۔انداز میں سیرت حضرت فاطمہ زہرا (س) بیان کی۔ اس پاک و بابرکت محفل میں علاقہ کے سنی و شیعہ مرد و خواتین نے بھرپور شرکت کی، اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی اور ایم ڈبلیو۔ایم پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل(شعبہ خواتین) خانم سیدہ زہرا نقوی نے اپنے خطاب میں کہاکہ خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا کی سیرت و کردار نہ صرف کہ خواتین کے لئے نمونہء عمل ہے بلکہ مردوں کو بھی ان کی سیرت پاک کے پیش نظر اپنی زندگی گزارنی چاہئیے اور یہ کہ حضرت فاطمہ (س) توحید کے پرچار کے لئے ہمیشہ رسول خدا (ص) کے شانہ بشانہ رہیںاور مصائب و تکالیف برداشت کیں ،کانفرنس کے اختتام پر ملکی سالمیت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات کے مطابق* دفاع مادر وطن ریلی* نکالی گئ اور ملک پاکستان کی سلامتی و امن کے لئے دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(فیصل آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع فیصل آباد کی جانب سے جشن ولادت باسعادت حضرت فاطمة الزھراؑ کا اہتمام کیا گیا ۔ اس پر رونق محفل سےایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی مسئول مدارس محترمہ بشری شریف، ضلع فیصل آباد کی سیکرٹری جنرل محترمہ مقدس نقوی، مسئول تعلیم و تربیت محترمہ سیدہ ثمینہ نقوی ، مسئول نشرو اشاعت محترمہ نور زھرا کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم شعبۂ خواتین کی مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود محترمہ فرحانہ گلزیب نے خطاب کیا۔
محترمہ فرحانہ گلزیب نے اپنے خطاب میں کہا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں خواتین کا کردار لازم و ملزوم ہے باشعور اور تعلیم یافتہ خواتین فلاحی معاشروں کے قیام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ، یہ ہمارا وظیفہ ہے کہ ہم اپنے کردار و عمل کے ذریعے سیرت جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کو عام کریں ان کی تعلیمات کو گھر گھر پہنچائیں اور حقیقی معنوں میں پیرو سیدہؑ بن کر روز محشر بی بی کے سامنے سرخرو ہو سکیں۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی صاحبہ نے امام بارگاہ خدیجة الکبری ملتان میں منعقدہ محفل جشن جناب سیدہ سلام اللہ علیھا سے خطاب کیا ، آپ حضرت فاطمة الزھرا ؑ کے اوصاف و کمالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ دو عالمؑ کی صفات تجلی مظھر خدا ہیں ، آپ کے مقام و مرتبہ کو سمجھنا عقل انسانی سے بالاتر ہے ، جناب سیدہ خدا کے رازوں میں سے ایک راز ہیں۔ وہ بی بی کہ جو کل کائنات کی مالکہ ہو جسکا منصب اتنا بلند و بالا ہو کہ کوئی اور اس پر فائز نہ ہوسکے اپنے گھر میں ایک سادہ سی زندگی بسر کرتے ہوے تمام خواتین کے لیے اسوہ کاملہ کے طور پر سامنے آئیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ گھر اور گھرداری ، شوہر داری ، ایک بہترین بیٹی اور ایک بہترین ماں کے اندر کیا خوبی ہونی چاہئے وہ سب جناب سیدہؑ نے ہمیں سکھایا ہے اور نہ صرف اپنے گھر کو منظم کرنا بلکہ اپنے دین کا دفاع کرنا راہ خدا میں جہاد کرنا ، باطل کے سامنے آواز حق بلند کرنا ایک عورت اگر حقیقی معنوں میں کنیز فاطمہ زھراؑ بننا چاہتی ہے تو اسے ہر میدان میں اسوہ فاطمی اپنانا ہوگا،اپنے خطاب کے اختتام پر محترمہ زھرا نقوی نے شرکاء محفل کو مجلس وحدت مسلمین کا تعارف پیش کیا اور اس الہی تنظیم میں شامل ہونے کی دعوت دی جس پر خواتین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اس جشن میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔