وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلسِ وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کے انٹرا پارٹی الیکشن مرکزی امان بارگاہ قدیمی میں منعقد ہوا جس میں ضلعی شوریٰ کی کثیر تعداد نے شرکت کی،الیکشن میں آئندہ تین سال کے لئے علامہ علی اکبر کاظمی کو بھاری اکثریت سے ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا، صوبائی سیکرٹری جنرل مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی نے نومنتخب سیکرٹری جنرل سے حلف لیا۔
الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ ضیغم عباس، علامہ شیر علی انصاری اور برادر مظاہر شگری نے سر انجام دیے۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے تقریب میں پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی، جماعت اسلامی راولپنڈی، منہاج القرآن راولپنڈی کے رہنماوں سمیت دیگر سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔
نومنتخب سیکرٹری جنرل ضلع راولپنڈی علامہ علی اکبر کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشاءاللہ مجلسِ وحدت مسلمین راولپنڈی اتحاد بین المسلمین اور ملکی ترقی و استحکام کے لئے اپنا سفر جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ کہ ہم عالمی استکبار امریکہ اور اس کے حواریوں کو ہر میدان میں رسوا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریںگے اور مظلومین جہاں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام وداپور گوٹھ سید جہان علی شاہ میںپندرہ شوال یوم شہادت حضرت امام جعفر صادق ؑکی مناسبت سے منعقدہ سالانہ مجلس عزاء سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصودعلی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آل رسول ﷺنے خدا کے دین کی بقاء کے لیے ہر دور میں قربانی دی، چھٹے امام، حضرت جعفرصادق ؑ کوحق و صداقت اور دین اسلام کے تحفظ کی راہ میں وقت کے حاکم کے ہاتھوں زہر دے کر شہید کیا گیا۔
انہوںنے کہاکہ صادق آل محمد ؑ نے مدینہ طیبہ میں عظیم دینی درسگاہ قائم کی جہاں چار ھزارطالب علم، آپ سے علم حاصل کیا کرتے تھے۔ آپ کے ممتاز شاگردوں میں بانی علم کیمیا حضرت جابر بن حیانؒ اور امام اعظم حضرت امام ابو حنیفہؒ سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔ آئمہ اہل البیت ؑنے اپنے اعلیٰ اخلاق و کردار سے امت مسلمہ کی رہبری اور رہنمائی کی۔
انہوں نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اخوت اور اسلامی بھائی چارے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ آل رسول ؑ کے پاکیزہ اور بے داغ کردار کے سبھی معترف ہیں۔ یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ لوگوں نے آل رسول ؑ پر تلوار اور تیر تو اٹھائے،مگر ان کا بے عیب و بے داغ کردار اتنا بلند تھا کہ دشمن بھی ان پر انگلی نہ اٹھا سکا۔ ہم اہل بیت پیغمبرؑ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر دنیا اور آخرت میں سربلند اور سرخرو ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر مجلس عزاسے ایم ڈبلیو ایم جیکب آباد کے ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ آغا سیف علی بلوچ، ضلعی سیکریٹری تبلیغات مولانا عبدالخالق و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے امام جعفر صادق ؑ کی پاکیزہ سیرت پر روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جامشورو کے ہونہار شاگرد اور ملک کی پرامن اور وطن دوست تنظیم "اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر محسن علی اصغری کی بلا جواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ برادر محسن علی اصغری کو رہا کر کے ایک ہونہار طالب علم کا مستقبل بچایا جائے اور بلا جواز گرفتاری پر حیدرآباد پولیس کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی مسئول تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے ملتان شہر کی فعال خواتین سے میٹنگ کی اور محترمہ تصدق زھرا جو کہ مدرسہ خدیجة الکبری کی پرنسپل اور شھر میں مختلف دینی تنظیمی و سماجی شعبوں میں فعال ہیں اور ایک عرصے سے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کے ساتھ منسلک ہیں کو ملتان شہر کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ شعبہ خواتین میں اس نئے اضافے کیساتھ ہم امید کرتے ہیں کہ ملتان میں بہترین انداز سے تنظیمی امور انجام دیے جائینگے اور بھرپور فعالیت کا مظاھرہ کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی محترمہ معصومہ نقوی نے ضلع شکار پور کا دورہ کیا اور خواتین کے دو نئے یونٹ مدیجی اور ڈھکین کے علاقوں میں قائم کیے ۔ مدیجی یونٹ کی سیکرٹری جنرل محترمہ عطیہ بتول اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عاصمہ اور ڈھکین یونٹ کی سیکرٹری جنرل محترمہ شگفتہ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عفت کو منتخب کیا گیا اور تمام مسئولین کی حلف برداری کی گئ۔
وحدت نیوز(کراچی) وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے جھوٹے بلوں پر فوری ایکشن لے۔ بجلی کےاضافی بل کے الیکٹر ک کی کھلی معاشی دہشت گردی ہے۔ غریب صارفین ان بلوں کو دیکھ کر ہوش وحواس کھو بیٹھے ہیں اور وفاقی حکومت کے الیکٹرک کے جھوٹے بلوں پر کوئی کار وا ئی نہیں کر رہی ہے۔’’کے الیکٹرک‘‘ کا نیا بل ٹیرف اور اسکے کے بعد لیٹ بلنگ انتہائی ظالمانہ ہے جبکہ پہلے ہی مرکب سودکی طرز پر بل چارج کیئے جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’K الیکٹرک‘‘ کا ادارہ پرائیوٹ ہونے کے بعد اربوں ڈالر سالانہ کما رہاہے جو غریب عوام کی جیبوں سے چوری کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ دورانیہ کا تعین بلوں کی ادائیگی سے جوڑنا سفاکانہ طرز عمل ہے جس کی غریب عوام بھرپور مذمت کرتے ہیں۔علامہ باقر زیدی نے کہا کہ ’’K الیکٹرک‘‘ کی سوچ پوری طرح کمرشل بن چکی ہے جس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں حکومت جلد از جلد ا س ادارے کو واپس نیشنلائز کرے۔ علامہ باقر زیدی نے مزید کہا کہ ’’Kالیکٹرک‘‘ کے زیادہ استعمال والے اوقات میں جس نئے ٹیرف کو نافذ کرنا چاہتی ہے اس کا براہ راست نقصان تمام صارفین کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے مہنگائی بڑھنے کا جو لامتناہی تسلسل جاری ہے اس کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز خوفناک حد تک مہنگی ہوچکی ہے اور غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے حصول کے لئے ناجائز ذرائع اختیار کرنے پر مجبور ہے، وزیر اعظم سمیت تمام وزراء کے معاشی بہتری کے تمام تر دعوے طفل تسلی کے سوا کچھ نہیں۔علامہ باقر زیدی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید ٹیکس کے پیئے میں کچل دیا ہے۔تنخواہ دار طبقہ پر بھاری ٹیکسس لگانا،بجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے۔
علامہ باقر زیدی نے اعداد وشمار کا ہیرپھیر اور ملک کے متوسط طبقے کی مشکلات میں ناقابل برداشت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے۔مہنگائی کے موجودہ تناسب سے مطابقت نہ رکھنے والا یہ بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کی طرح اقتصادی معاملات بھی صلاحیتوں کے فقدان کی نذر ہو رہے ہیں۔سابقہ حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔غیر ملکی قرضوں میں مذید اضافہ ہوا پاکستان کا کثیر سرمایہ غیر قانونی طریقہ سے ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو ملازمتوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔جس سے عام شہریوں کی مایوسی میں اضافہ ہو ا ہے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اصل ترجیحات سیاسی رسہ کشی اور سابقہ حکمرانوں کی کرپشن کو عیاں کرنے میں مقصود رہی ہے،تھر کے پی کے بلوچستان اور گلگت بلتستان میں غریب عوام کو پینے کی پانی سے لے کر بجلی، صحت کے بنیادی ضروریات،تعلیمی سہولیات تک میسر نہیں،اس بجٹ میں صرف سابقہ حکومتوں کی بجٹ پالیسی پر الزامات لگا کر عوام پر مذیدٹیکس لگا کر مشکلات میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔