وحدت نیوز(ملتان) ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام امام مہدی کی شان میں گستاخی اور امریکہ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری اور سید امیر حسین گیلانی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے امام مہدی علیہ السلام کی شان میں ہونے والی گستاخی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ گستاخ امام مہدی کو پھانسی کی سزا دی جائے۔ ریلی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے خلاف پاکستانی حکومت فی الفور اپنا بیانیہ جاری کرے۔
ریلی کے شرکا نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ علامہ اقتدار نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، آج امت اسلام میں جو انتشار ہے اس کی سب سے بڑی وجہ امریکہ ہی ہے، امریکہ نہیں چاہتا کہ عالم اسلام متحد ہوجائے، آج پہلے سے کہیں زیادہ عالم اسلام کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
علامہ اقتدار نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کو اس وقت اپنا کردار ادا کرنا چاہیے پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے لیکن پاکستان کے بیان سے افسوس ہوا، ہمارے اندر اتنی بھی جرات نہیں ہے کہ ہم ایک اسلامی ملک کے جنرل کی شہادت کی مذمت کر سکیں، ہم سے تو افغانستان ہی بہتر ہے جس نے کم از کم ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی مذمت تو کی ہے۔ علامہ غلام مصطفی انصاری نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ دادو میں عبدالستار جمالی کے خلاف اگر بروقت کاروائی کی جاتی تو کبیروالا میں اسامہ موچی یہ حرکت نہ کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہمیں اس ملک کی سالمیت عزیز ہے، پاکستان ہمارے آباو اجداد نے بنایا تھا اور ہم اس ملک کی حفاظت کریں گے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا کہ امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرکے اپنی نابودی کا پیش خیمہ خود بنادیا ہے، امریکہ شاید بھول رہا تھا کہ میں نے قاسم سلیمانی کو شہید کر دیا مجھے کوئی جواب نہیں دے گا۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ثقافتی مقامات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے بھی ہمارے مقدس مقامات کی جانب بری نگاہ سے دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال لیں گے، خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ جس طرح سے ہمارے مقدس مقامات ہیں اسی طرح ائمہ اہل بیت کے مزارات بھی ہمارے لئے مقدس مقامات اور ہماری ریڈلائن ہیں۔ مقدس مقامات کی حفاظت کے لئے شیعہ سنی متحد ہیں اگر کسی نے کوئی میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان میں امریکیوں کا قبرستان بنادیں گے۔ ریلی سے سلیم عباس صدیقی، سید امیر حسین گیلانی، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا مظہر عباس اور دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی، آئی ایس او ملتان کے صدر شہریار حیدر، عاطف حسین اور دیگر شریک تھے۔