وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے اے این پی کے مرکزی رہنماء مولانا خانزیب کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری کا کہنا تھا کہ مولانا خان زیب اس سرزمین کے امن کے حقیقی سفیر تھے۔ انہوں نے ہر اس مقام پر اپنی موجودگی سے امن کی شمع روشن کرنے کی سعی کی، جہاں خون و آتش کا بازار گرم تھا ان کی کوششیں ہمیشہ صلح، بھائی چارے اور باہمی احترام کے گرد گھومتی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان زیب کی شہادت نے ہمارے دلوں کو غم سے بوجھل کر دیا ہے، یہ سانحہ خیبرپختونخواہ سمیت پورے پاکستان کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے جس کے اثرات مدتوں محسوس کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس بزدلانہ اور سفاکانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور معاشرے میں امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے مولانا خانزیب کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اے این پی کی قیادت، بالخصوص ایمل ولی خان اور افتخار حسین شاہ سے بھی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ آخر میں علامہ جہانزیب جعفری نے کہا کہ خداوند متعال سے دعا ہے کہ وہ مولانا خان زیب کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت کی توفیق دے۔