Print this page

خضدار میں اسکول وین پر حملہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے امن، استحکام اور وحدت کو سبوتاژ کرنے کیلئےدہشتگردی کی آگ بھڑکا رہا ہے، سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس

21 May 2025

وحدت نیوز(اسلام آباد) بلوچستان میں جاری بدامنی، معصوم شہریوں اور اسکول طلباء پر دہشتگرد حملے محض مقامی کارندوں کی کارروائیاں نہیں، بلکہ اس کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کا منظم اور مذموم کردار ہے۔ خضدار میں اسکول وین پر حملہ اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ بھارت پاکستان کے امن، استحکام اور وحدت کو سبوتاژ کرنے کے لیے دہشتگردی کی آگ بھڑکا رہا ہے۔ دشمن، وطن عزیز میں فرقہ واریت، لسانیت اور بدامنی کی سازش رچانے میں مصروف ہے اور اس کا آلہ کار بننے والے مقامی دہشتگرد بھی اس ملک و ملت کے غدار ہیں۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ان درندوں اور ان کے بیرونی سرپرستوں کو بے نقاب کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔

‏میں اس بہیمانہ اور بزدلانہ دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور مطالبہ کرتا ہوں کہ ریاستی ادارے حرکت میں آئیں، ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاتفریق اور بے رحمانہ کارروائی کی جائے۔ اس المناک واقعے کے بعد یہ سوال بھی شدت سے اٹھتا ہے کہ آخر  سکیورٹی ادارے اور متعلقہ انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی؟ معصوم بچوں کی حفاظت کا ذمہ کس پر تھا؟ آخر کب تک دشمن یوں دندناتا پھرے گا اور ہم لاشیں اٹھاتے رہیں گے؟ اس مجرمانہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین بھی ضروری ہے، تاکہ آئندہ ایسی سنگین کوتاہی کی کوئی گنجائش باقی نہ رہے۔ ان معصوم شہداء کے قاتل اور سہولت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پوری قوم کو بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے دشمن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

‏میں شہید معصوم طلباء کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، ان کے صبر و استقامت کے لیے دعاگو ہوں اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے بارگاہِ رب العزت میں دستِ دعا بلند کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس سرزمین کو دہشتگردی، شرپسندی اور دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ فرمائے۔الہی آمین

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree