وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی کی ہدایات پر ایم ڈبلیو ایم گلگت سیکرٹریٹ میں گٹی بس حادثے کے زخمیوں کی امداد کے لیے ایمرجنسی ڈیسکٹ قائم کردی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم جی بی ڈپٹی سیکرٹری جنرل معروف عالم دین شیخ نیئر عباس مصطفوی، غلام عباس نے وفد کے ہمراہ زخمیوں کی عیادت کی۔
ہسپتال میں عیادت کے دوران فورس کمانڈر سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے زخمیوں کی فوری امداد پر فورس کمانڈر کا شکریہ بھی ادا کیا زخمیوں کی عیادت کے بعد شیخ نیئر عباس مصطفوی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے انتظامات تسلی بخشس ہیں کسی بھی قسم کے تعاون کے لیے مجلس وحدت کے کارکنان اور گلگت بلتستان کے عوام تیار ہیں۔ زخمیوں کے اہلخانہ کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے۔ مجلس وحدت کے آفس کے دروازے زخمیوں کی عیادت کے بلتستان سے آنے والوں کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے بلتستان کے مسافرین کے لواحقین کو تسلیت و تعزیت پیش کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بابوسر حادثے کے بعد دیامر کے علماء، عوام اور جوانوں نے جس طرح کی مثالی قربانی پیش کی اس کا بلتستان کے عوام احسان مند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو کے زخمیوں کے لیے خون کی عطیات دینے کے اہلیان دیامر جمع ہوئے اسکا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ اخوت و بھائی چارگی کی اعلی' ترین مثال ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ دیامر کے عوام کا جذبہ فداکاری اور بلتستان کے عوام کے ساتھ ہمدردی نے منفی قوتوں اور بدخواہوں کی تمام تر سازشیں زمین بوس کردیا ہے۔ دیامر کے عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام ایک ہی جسم کے ٹکرے اور بھائی ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی نئی صوبائی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صدر مولانا عبدالخالق اسدی نے کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع گفتگو کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے نومنتخب عہدیداروں کو الہی ذمہ داریاں ملنے پر ہدیہ تبریک پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ الہی کاررواں میں شمولیت ایک اعزاز ہے اور آپ احباب خداوند متعال کے منتخب لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں دین اسلام کے مثبت امیج کو اجاگر کریں اور وحدت اسلامی کیلئے خدمات سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد ہی اتحاد امت ہے، ہم وحدت کے فروغ کیلئے کوشاں اور امت میں موجود دوریاں ختم کر رہے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم اپنے مقصد میں کافی حد تک کامیاب جا رہے ہیں اور ملک میں وحدت کی فضا قائم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ہم نے مذہبی میدان کیساتھ سیاسی میدان بھی خالی نہیں چھوڑا اور ایم ڈبلیو ایم اس وقت ملت تشیع پاکستان کی ایک موثر آواز بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں بھی احسن انداز میں ملت کیلئے آواز اٹھائی اور حکومتی حلقوں سے بھی اپنے مسائل حل کروانے میں کامیاب رہے۔
علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ نومنتخب اراکین اپنی ذمہ داریاں عبادت سمجھ کر نبھائیں، اس کا صلہ خداوندقدوس کی ذات ہی دے گی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سکردو سے راولپنڈی آنے والی مسافر کوبابوسر کے مقام پر پیش آنے والے حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ آغاعلی رضوی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
قائدین نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے بابوسر روڈ حادثے کے حوالے سے فورس کمانڈر جی بی اور کمشنر بلتستان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ہنگامی طور زخمیوں کے علاج معالجے اور حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتوں کو سکردو منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی اپیل کردی۔
اس موقع پر فورس کمانڈر گلگت بلتستان اور کمشنر بلتستان نے یقین دہانی کرائی کہ تمام زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد چلاس میں دی جا رہی ہے اور زخمیوں کے علاج کے سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لایا جائے گا اور ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد گلگت ہسپتال میں منتقل کیا جائے گا، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافرین کے جسد خاکی کو بذریعہ ہیلی اسکردو منتقل کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(اٹک) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اٹک کی جانب سے 16 تا 20 محرم الحرام خمسہ مجالس عزا بعنوان “میزان الہی” کا انعقاد مکتب قرآن و اھلبیت میں کیا گیاان مجالس عزا سے محترمہ آمنہ نقوی نے خطاب کیا آخری مجلس عزا بعنوان یوم علی اصغرؑ و سکینہؑ بارگاہ حسینیہ میں منعقد ہوئی جس میں خواتین اپنے شیر خوار بچوں اور کم سن بچیوں کے ساتھ شریک ہوئیں سبز پوشاک اور ماتھے پر سرخ پٹی باندھے بچوں اور بچیوں نے شہزادہ علی اصغر ؑ اور شہزادی سکینہ ؑ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
محترمہ آمنہ نقوی نے خواتین سے تجدید عہد لیا کہ وہ اپنے شیر خوار بچوں اور اپنی بچیوں کی تربیت اس انداز میں کریں گی کہ امام وقت کے حضور ان کی قربانی پیش کر کے سرخرو ہو سکیں اپنے بچوں کو جناب اصغرؑ و بیبی سکینہؑ کے نام پر قربان کرنے کے لیے اور کربلا کی شیر دل خواتین کی سنت پر چلتے ہوے دین مبین کی سربلندی اور احیاء کی خاطر ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے آمادہ رہینگیں۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے وحدت ہائوس پشاور سے جاری بیان میں کہا ہے کہ کوہاٹ اور ہنگو میں ڈی پی اوز کا کردار انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک رہا ہے۔ انہوں نے اہل تشیع کی مذہبی رسومات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی، جو ایک عرصے کے بعد امن و امان کی قائم پرامن فضا کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ اور ہنگو کے ڈی پی اوز نے روایتی جلوس پر ایف آئی آر درج کرکے اپنے کردار کو مشکوک بنایا، 2006ء کے یوم عاشورہ کے سانحہ کے بعد اس سال ایک بار پھر ہنگو میں پرامن جلوس کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہداء (ع) کے جلوس کے شرکاء اور عمائدین پر ایف آئی آر درج کرنا کسی صورت قبول نہیں، لہذا ہم آئی جی خیبر پختونخوا نعیم خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ڈی پی او کوہاٹ اور ڈی پی او ہنگو کے خلاف انکوائری بیٹھا کر انہیں ان کے عہدوں سے برطرف کریں، کیونکہ انہوں نے امن و امان کی پرامن فضا کو قائم کرنے کے بجائے کسی کی ایماء پر جانبدار اور متعصبانہ رویہ اختیار کیا ہے۔ جو وہاں اس علاقہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے کسی طور بھی مناسب نہیں۔