وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں ملک بھر میں مختلف دہشتگردانہ کاروائیوں سے شیعہ مومنین کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ وطن عزیز میں نسل کشی کے اس سلسلے کو آگے بڑھنے سے روکنا ہوگا، ہم متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہیں۔ ہم ایک شخص کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل عام سمجھتے ہیں اور جو افراد اس قتل عام میں ملوث ہیں انہیں بخشنا یا ان کے سامنے خاموشی اختیار کرنا، ملک و آئین کے توہین کے مترادف سمجھتے ہیں۔عوام مزید ظلم و ستم برداشت نہیں کرنے والے حکومت کو اقدامات اٹھانے ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی قیادت نے ملک کے اندر جاری ظلم و ستم، بربریت، لاقانونیت اور قتل و غارت گری کے خلاف احتجاج شروع کردی ہے، وہ گزشتہ کئی دنوں سے بھوک ہڑتال کے ذریعے قومی پلیٹ فارم پر اپنا احتجاج رکارڈ کروا رہے ہیں اور پورے پاکستان سے مجلس وحدت مسلمین کے مختلف علاقائی نمائندوں نے بھی مرکزی قیادت کی حمایت ظاہر کرنے کیلئے بھوک ہڑتال کیمپیں لگوائے ہیں، ٹھیک اسی طرح کوئٹہ میں بھی علامتی بھوک ہڑتال کمپ لگایا گیا اور پارٹی کے ضلعی نمائندوں نے حکومت وقت کی خاموشی اور نااہلی کے خلاف اپنا احتجاج رکارڈ کروایا۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں شرکاء سے خطاب کے دوران کوئٹہ ڈویژن کے نمائندوں نے کہا کہ اس بات سے سب واقف ہیں کہ ہماری جماعت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین مظلومین کی جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ مظلومین کے حق کیلئے آواز بلند کی ہے اور انہیں انکے حقوق دلانے کی کوششیں کی ہیں، قوم کو ہر میدان میں ہماری حاضری نظر آئے گی۔ بھوک ہڑتال کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ اعلی و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی ، صوبائی رکن اسمبلی (ایم پی اے) آغا رضا اور کوئٹہ کے سیکریٹری جنرل عباس علی، ڈپٹی سیکریٹری شیخ ولایت حسین جعفری، سیکریٹری سیاسیات کامران حسین ہزارہ،سیکریٹری مالیات رشید طوری، سیکریٹری اسپورٹس ضیاء الدین، سیکریٹری روابط غلام حسین،سیکریٹری فلاح و بہبود امان اللہ اور سیکریٹری تعلیم حاجی عمران سمیت دیگر پارٹی ارکان نے شرکت کی اور انہوں نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں اور مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہمیشہ میدان میں رہے ہیں قوم کیلئے کام کیا ہے، اور ہم ان کے اقدامات میں انکا ساتھ دیں گے۔
وحدت نیوز (لندن/واشنگٹن /پرتگال/ مشیگن) شیعہ نسل کشی پر ریاستی وعسکری اداروں کی مجرمانہ خاموشی کےخلاف ایک ہفتے سے اسلام آبادمیں جاری مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں لندن اور واشنگٹن میں بھی احتجاجی اجتماعات کاآغاز ہو چکا ہے، گذشتہ روز لوٹن برطانیہ میں مجلس علمائے شیعہ یورپ کے سربراہ علامہ سید علی رضا رضوی نے سیکنٹروں پاکستانیوں کے ہمراہ پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ، جبکہ واشنگٹن ڈائون ٹائون سیٹل میں علامہ سید عباس ایلیاءکی زیر قیادت سینکڑوں پاکستانی مرد، خواتین اور بچوں نے شہداء کی یاد اور علامہ راجہ ناصرعباس کی شیعہ نسل کشی کے خلاف جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں چراغاں کیا ۔اس موقع پر معروف انقلابی نوحہ خواں سید علی صفدررضوی بھی موجود تھے، لوٹن میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا کہ پاکستان اہل تشیع کی مقتل گاہ بنا ہوا ہے، ریاستی ادارے شیعہ نسل کشی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ، انصاف کے حصول کیلئے بزرگ علماءکو بھوک ہڑتال کا سہارا لینا پڑرہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ فل فورایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات کریں اور ان کے مطالبات کی منظوری کا اعلان کریں، وگرنہ لندن میں مقیم اہل تشیع پاکستانی سفارت خانے کے سامنے غیر معینہ مدت تک کے لئے دھرنادینے پر مجبور ہونگے۔ علاوہ ازیں پرتگال میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستانی ایمبیسٹر سے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری بے گناہ شیعہ پاکستانیوں کی ٹارگٹ کلنگز اور موجودہ حکومت کی بے حسی پر شدید غم و غصہ اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا وفد نے پاکستانی سفیر کےذریعے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ہفتےسے پر امن بھوک ہڑتال پر بیٹھے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کرکے تمام مطالبات کو فی الفور منظور کرے وگرنہ دنیا بھر میں موجود محب وطن پاکستانی کمیونٹی پاکستانی ایمبیسز کے باہر دھرنا دے گی۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتال چھٹے روز میں داخل ہوگئی ہے، جبکہ مختلف تنظیموں اور شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے جو اپنی حمایت کا اعلان کر رہی ہیں۔ معروف شاعر اور ذاکر اہل بیت شوکت رضا شوکت نے بھی وفد کے ہمراہ خصوصی طور پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی اور علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ان کی تحریک شیعہ سنی حتیٰ مسیحوں کیلئے بھی ہے، ہم نہیں چاہتے ہیں کسی بھی مکتب کی آزادیاں سلب کی جائیں۔ ہر مکتبہ فکر کو آزادی ہونی چاہیئے کہ وہ اپنی عبادات بجا لاسکیں، ملک بھر میں مکتب اہل بیت کی ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جبکہ عزاداری سیدالشہداء پر قدغن لگائی جا رہی ہے، پنجاب میں ہزاروں بانیان مجالس اور ذاکرین کیخلاف مقدمے درج کر لئے گئے ہیں، ایک ضلع سے دوسرے ضلع تک کوئی ذاکر مجلس تک نہیں پڑھ سکتا۔ ہم اس ملک کو مسلکی پاکستان نہیں بننے دیں گے، جو کام دہشتگرد نہیں انجام دے سکے، وہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انجام دینا چاہتی ہے۔ ہم نے ہر حال میں اس صورتحال کا راستہ روکنا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) الیکٹرانک میڈیا کو کنٹرول کرنے والی اتھارٹی پیمرا نے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کی لائیو کوریج کرنے پر ٹی وی چینل 24 اور دنیا ٹی وی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ شوکاز میں کہا گیا ہے کہ براہ راست کوریج کے دوران علامہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سپریم کورٹ اور پاک فوج سمیت ریاستی اداروں کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ نوٹس میں دونوں ٹی وی چینلز کو 23 مئی تک جواب دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر جواب نہ دیا گیا تو اتھارٹی دونوں چینلز کے لائنس منسوخ کرسکتی ہے۔ دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پیمرا کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیمرا حکومتی ایما پر آزادی اظہار پر قدغن لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع لاہور کی خواہر لبنیٰ زیدی کو اگلے تین سال کے لئےسیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے ،ایم ڈبلیو ایم پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ سیدہ زہرہ نقوی صاحبہ نے خواہر لبنیٰ زیدی کو اگلے تین سال کے لئے ضلع لاہور کی سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواہر لبنیٰ زیدی نےنہایت ہی مشکل حالات میں اس سنگین ذمہ داری کو قبول کیا ہے ،ٍاللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ بحق ائمہ معصومین ان کی توفیقات خیر میں اضافہ فرمائے اور ہمیں امید ہے کہ خواہر اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود اسی ہفتے اپنی کابینہ کو مکمل کرلیں گی اور اس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا جائے گا ۔اس سے قبل خواہر لبنیٰ زیدی پنجاب میں ایک فعال اور مخلص کارکن کے طور پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین میں اپنی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ انشاءاللہ خواہر بھر پور عزم حوصلے کے ساتھ اس سفر کو جاری رکھیں گی ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلوم محروموں کی آواز ہے،ہم کبھی بھی کسی ظالم کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ اور اپنا سفر جاری و ساری رکھیں گے ۔ہم اپنے قائد وحدت کے شانہ بہ شانہ میدان عمل میں حاضر رہیں گے انشاءاللہ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی بھوک ہرتال کے چوتھے روز احتجاجی کیمپ میں مختلف وفود سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ اپنے موقف سے ایک انچ پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔ جب تک ہمارے مطالبات کوذمہ داران کی طرف سے باقاعدہ تحریری انداز میں منظور نہیں کیا جاتا تب تک وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملت تشیع کی ایک نمائندہ جماعت کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے مجھ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ میں ہر پلیٹ فارم پر اپنی ملت کی دفاع کروں۔پاکستان کسی مخصوص مسلک کی جاگیر نہیں بلکہ ملک میں بسنے والے مسلمان اور دیگر مذاہب کے لوگوں کا بھی اس پر برابر حق ہے۔ہمیں گزشتہ تین دہائیوں سے ظلم و بربریت کا شکار کیا جارہا ہے۔پاکستان میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے والے طبقے کو دانستہ طور پر دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تاکہ انہیں ملک کے مقتدر ظالم حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرنے کا موقعہ نہ مل سکے۔ظلم کے خلاف خاموشی بھی ظلم ہے۔ہم آپ آئینی حق استعمال کرتے ہوئے اس ملک میں ظالموں کا جینا دوبھر کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ظالمانہ طرز عمل نے ہمیں دوہری اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ایک طرف دہشت گرد گروہوں کو حکومتی پشت پناہی حاصل ہے جو ہمارے خلاف کاروائیاں کر رہے ہیں اور دوسری طرف ہمارے ہزاروں بے گناہ افراد پر صرف اس لیے مقدمات بنا دیے گے کہ انہوں نے مجلس ختم کرنے میں آدھا گھنٹہ تاخیر کیوں کی۔ہمیں ہماری عبادت سے روکا جا رہا ہے۔ ہمارے علما و ذاکرین پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ صرف پنجاب میں ہزاروں افراد کے خلاف مجلس اور درود و سلام پڑھنے پڑھنے پڑھانے پر پرچے کاٹے گئے ہیں۔اسلامی ریاست میں جو رویہ ہمارے ساتھ اپنایا جا رہا ہے یہ تو امریکہ ،برطانیہ جیسے غیر اسلامی ممالک میں بھی نہیں ہوتا۔پنجاب میں قائم تمام مقدمات کا خاتمہ ، تکفیری گروہوں کے خلاف ملک گیر آپریشن اور پارہ چنار میں پولٹیکل انتظامیہ کی بربریت کا شکار ہونے والے چار شہدا کی شفاف تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن کا قیام ہمارے مطالبات میں شامل ہیں۔ اگر حکومت کی طرف سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہ آئی اور یونہی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا تو پھر ہم اپنے اس خاموش احتجاج کو ملک گیر عوامی احتجاج کی شکل میں تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام جماعتوں ،پاکستان عوامی تحریک اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت پاکستان کی مختلف سیاسی و مذہبی رہنماوں نے ہمارے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بھرپور عوامی قوت کے ساتھ ہمارا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔یاد رہے کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہرتال کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں اظہار یکجہتی کے طور پر بھوک ہرتالی کیمپ لگائے جا چکے ہیں۔ لندن سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان سفارتخانوں کے سامنے ملت تشیع مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے جمعہ کے روز سے مظاہروں کا سلسلہ شروع کر ے گی۔جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ملی یکجہتی کونسل کے اراکین، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما زاہد خان سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے شیعہ سنی علما اور دیگر عمائدین کی بڑی تعداد نے علامہ ناصرعباس سے ملاقات کر کے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔شوگر اور دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے باوجود قوم کے لیے ان کی مثالی جدوجہد کی تعریف اور ان کی صحت کاملہ کے لیے دعا کی گئی