وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے سید سرفراز حسین نقوی کو آئی ایس او پاکستان کا پینتالیسواں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تاثرات میں علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ سرفراز نقوی آئی ایس او کی ترقی اور تنظیمی اسٹرکچر کی مضبوطی کیلئے بہتر انداز میں کام کر سکیں گے اور دین مبین کی سربلندی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملت کی بیداری کیلئے آئی ایس او پاکستان کی خدمات لائق تحسین ہیں، اس شجرہ طیبہ نے مسئلہ فلسطین اور القدس سمیت ملی مسائل کے حل اور نظریہ ولایت فقیہ کو پاکستان بھر میں متعارف کرانے میں بنیادی اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ نو منتخب صدر کو اس شجرہ طیبہ کی ذمہ داریاں سبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اپنے مکمل تعاون کرنے کے عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مختار امامی سمیت دیگر ذمہ داران نے بھی دل کی اتھاہ گہرایوں سے نو منتخب مرکزی صدر کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن میں نئے میر کارواں کا انتخاب مکمل ہوگیا، سابق نائب صدر سید سرفراز کو نیا میر کارواں منتخب کر لیا گیا۔ کنونشن کے آخری روز نئے میر کارواں کے انتخاب کیلئے اجلاس عاملہ ہوا، جس میں سید احسن نقوی اور سید سرفراز کے نام سامنے آئے، جس کے بعد ووٹنگ کروائی گئی اور سید سرفراز کامیاب قرار پائے۔ سید سرفراز کا تعلق فیصل آباد ڈویژن سے ہے اور وہ گومل یونیورسٹی ڈی آئی خان میں زیر تعلیم ہیں۔ وہ پہلے مرکزی نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ آئی ایس او کے کارکنوں، علماء کرام اور سینیئر رہنماؤں نے سید سرفراز کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد دی ہے۔ علامہ سید حیدر موسوی نے نئے میر کارواں کا اعلان کیا جبکہ علامہ ہاشم موسوی نے نئے مرکزی صدر سے حلف لیا۔ نو منتخب مرکزی صدر نے شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کو نظام ولایت کی طرف پلٹنے کی ضروت ہے، رہبر معظم سید علی خامنہ ای جو اس نظام ولایت کے امین بھی ہیں اور علمبردار بھی، وہ اسلام ناب کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عالم کفر کیخلاف ڈٹے ہوئے ہیں، آج مسلمانان عالم کی مشکلات کا حل اور ان کی کامیابی کا راز اسی نظام ولایت کو سمجھنے اور اسکی پیروری کرنے میں ہے۔ نو منتخب مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ ہمارا منشور ہے اور ہم وطن کی جانب اٹھنے والی ہر میلی آنکھ پھوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں، آئی ایس او ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے وطن کے دفاع کیلئے مصروف عمل ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن شعبہ طالبات کے سالانہ مرکزی نوید سحر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایک الٰہی معاشرہ کی تشکیل کیلئے تنظیم کی بہت ضرورت ہوتی ہے ۔ کیونکہ جب تک ہم منظم نہیں ہونگے ترقی ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ تنظیم میں رہ کر ہم اپنے اندر الٰہی اقدار کو اجاگر کریں ہم تنظیم میں رہ کر اپنے اخلاق و کردار کو نمونہ عمل بناکر معاشرے میں پیش کریں،انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیئے کہ ہم قرآن کی تلاوت کو معمول بنائیں ہماری نماز و عبادات اعلیٰ ہوں اسکے ساتھ ساتھ فرامین معصومین علیہم السلام کی خود بھی پابندی کریں اور اسکو معاشرے میں نافذ العمل کرنے کی کوشش کریں ۔
انہوں نے بصیرت اور دشمن شناسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے بابصیرت افراد تیار کرنے ہیں اور ہمیں دشمن شناس ہونا چاہیئے آج معاشرے میں استعمار و اسکتبار جس طرح معاشرے کو آلودہ کررہے ہیں ہم پر ایک الٰہی تنظیم سے وابستہ ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم ہر مومن و مسلمان کو دشمن کےشر سے محفوظ رکھیں اور دشمن کی سازشوں سے ان کو آگاہی دیں تاکہ ایک مہذب معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ایک عورت کی تربیت گویا پورے معاشرے کی تربیت ہوتی ہے اس کیلئے آپ خواہران کو بہترین کردار ادا کرنا ہوگا جوفریضہ جناب زینب سلام اللہ علیہا نے انجام دیا آپ خواہران کو بھی اسی پر عمل پیرا ہو کر بامقصد عزاداریٔ سید الشہداء علیہ السلام کا انعقاد کرنا ہوگا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملیر سے پی ایس 127 میں ضمنی الیکشن کے لئے نامزد امیدوار سید علی عباس عابدی نے کہا ہے کہ پی ایس 127 کا حلقہ شہر کے انتہائی اہم علاقوں میں شامل ہونے کے باوجود تباہ حالی کا شکار ہے، یہاں سے منتخب ہونے والے نمائندگان نے کبھی اس حلقہ کی عوام کے لئے خاطر خواہ خدمات انجام نہیں دیں، ورنہ یہ حلقہ زبوں حالی کا شکار نہ ہوتا، منتخب ہونے کے بعد اس حلقہ کے دیرینہ مسائل کو اسمبلیوں تک لے کر جائیں گے اور وہاں سے ملنے والے فنڈز کو حلقہ کی عوام پر ہی خرچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ملیر جعفر طیار و دیگر علاقوں میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب اور عمائدین و معززین کے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ علی عباس عابدی نے کہا کہ ملیر کے اس حلقہ میں صحت، تعلیم، نکاسی آب سمیت آمد و رفت کے راستوں کی زبوں حالی کسی سے ڈھکی چھی نہیں ہے، حلقہ کی عوام کے لئے مجلس وحدت مسلمین نے قدم بڑھایا ہے، اگر عوام نے اعتماد کیا تو ہم ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے ہر گھڑی میں مجلس وحدت مسلمین موجود ہے۔ علی عباس عابدی نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت اور صفائی جیسے بنیادی حق عوام سے چھین لیا گیا ہے ہم اسے واپس دلائیں گے اور حلقہ کی خوشحالی کو بحال کریں گے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اللہ رب العزت کا وعدہ ہے کہ شہداء کا لہو ہرگز رائیگاں نہیں جائیگا۔ دہشت گردوں نے ملت تشیع کو بیدردی سے نشانہ بنایا، اسی دہشت گردی کا نشانہ بن کر وطن عزیز میں ہمارے شہداء کی تعداد بیس ہزار سے متجاوز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے 45ویں مرکزی نوید سحر کنونشن کے دوسرے روز آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ آج ان شہداء کی یاد میں یہ شب شہداء برپا کی گئی ہے جنہوں نے حقیقی شہادت کو رواج دیا۔ عظیم تر مقصد کے حصول کیلئے ان کی زندگی وقف جبکہ شہادت ان کیلئے پرلطف اور انتہائی شیریں تھی۔ مومن کیلئے شہادت نہایت شیریں ہے۔ ان شہداء نے اپنے لہو سے قوم کو نئی زندگی بخشی۔ قائد وحدت کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جاتاکیونکہ یہ خداوند متعال کا وعدہ ہے۔ دشمن کی یہ چال تھی کہ ملت تشیع پاکستان اپنے شہداء اور ان کے افکار کو فراموش کر دیں، لیکن ہم نے شہداء کربلاء سمیت تمام شہداء کی یاد کو نہ صرف یاد رکھا بلکہ آئندہ نسلوں تک منتقل کیا۔ ہم نے عزاداری کی بدولت شہداء کربلا کی مظلومیت کو بغاوت میں بدلنے والوں کو چودہ سو سال سےرسوا کیا۔ پاکستان کی سرزمین میں 20 ہزار سے زائد شیعہ شہید ہیں۔ ہم نے شہداء اور انکی مظلومیت کو زندہ رکھا۔
شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ بھوک ہڑتال کیمپ میں تمام مکاتب فکر کے افراد آئے اور ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ہم نے یاد شہداء کو تکفیریت کے خوف اور پراکسی وار میں فراموش نہیں کیا۔ انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے عملی اقدات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عظیم شہداء نے اپنے خون سے اپنی سچائی کے گواہی دی ہے۔ شہداء کے خون نے حکومتی بددیانتی کو بےنقاب کر دیا ہے، کیونکہ یہ تکفیری حکمرانوں نے پالے اور اب حکمران دہشتگردوں کو ختم نہیں، انہیں اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم سے دریافت کیا جاتا ہے کہ آپ نے بھوک ہڑتالی کیمپ سے کیا پایا تو میں کہتا ہوں کہ ہم نے اپنا فرض ادا کیا، کیونکہ ہم فقط کوشش کرسکتے ہیں، نتیجہ خدا کی طرف سے ہوتا ہے۔ امام راحل کی زندگی سے بھی ہمیں یہی درس ملتا ہے کہ اپنے فرض کے انجام دہی میں کوتاہی نہ کریں۔ شہید قائد عارف الحسینی پیش رو قائد ہے، وہ آج بھی ہمارے قائد ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی کنونشن کے دوسرے روزجوان امید ملت سیمینار منعقد ہوا جس سےمجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس تحریک میں نوجوان ہوتے ہیں کبھی ناکام نہیں ہوتی انہوں نے قرآن اور سیرت محمد و آل کی روشنی میں نوجوانوں کی اہمیت کو جاگر کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہر نیکی کے طرف سب سے پہلے آگے بڑھتے ہیں آئی ایس او کے جوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے پاکستان میں اسلامی معاشرہ کی تشکیل کے لئے کوششوں کوجاری رکھنا چاہئے ۔
انہوں نےکہاکہ اسلا م نوجوان کو ایک ذمہ دار نوجوان کی حیثیت سے دیکھنا چاہتا ہے اس لئے زندگی میں کامیابیوں کو سمیٹنے کے لئے دور حاضر کے نوجوان کو صاحب بصیرت کے ساتھ ساتھ اپنی رائے اور رادہ ہونا چاہئے ،ہماری ملت عدم بصیرت کی وجہ سے معدوم ہے ۔علامہ احمد اقبال رضوی نے رہبر معظم سید علی خامنہ ای کے فرامین کی روشنی میں نوجوان کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان سرسبز و شاداب درخت کی مانند ہے نوجوانی کے عمر میں ایک نوجوان کو بابصیرت ،صالح اور مبارز ہونا چاہئے ان خصوصیات کے بغیر نوجوان یقینی طور پر ایک مردہ نوجوان تصور کیا جائے گا ۔