گورنر سندھ کی درخواست پر اربعین حسینیؑ مارچ آج جمعرات کی دوپہر تک موقوف،زائرین کا سولجربازار میں پڑاؤ

07 اگست 2025

وحدت نیوز(کراچی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی درخواست پر شیعہ قائدین نے اربعین حسینیؑ مارچ آج بروز جمعرات کی دوپہر تک مؤخر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وفد کے ہمراہ سولجر بازار میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صوبائی آفس وحدت ہاؤس میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں اربعین حسینیؑ مارچ کے قائدین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور قائدین مارچ کے درمیان زائرین اربعین حسینی مارچ اور زائرین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مقصود ڈومکی، رہنما ایم کیو ایم پاکستان انیس قائم خانی، معاز محبوب و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم نے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات میں زائرین کے مسائل پر گفتگوکی، میں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری سے زائرین کے مسئلے پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام سیکورٹی فراہم کرنا ہے، اربعین کیلئے زمینی راستوں سے جانے والے زائرین کے حوالے سے سکیورٹی خدشات تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ زائرین پورے سال زیارت پر جانے کیلئے پیسے جمع کرتے ہیں، زائرین کی مشکلات کا اندازہ ہے، میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا ملاقات کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، صوبہ و وفاق کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے زائرین کے مسائل حل کرنے کی مکمل کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس مسئلے میں کہیں سیاست نہیں نظر آئی، بلوچستان میں زائرین کا استقبال کرنے کیلئے کافی رہنما موجود تھے، اس بات کا علم ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بائے روڈ جانے والے زائرین کو حکومتی سطح پر ہوائی راستے سے بھیجا جائے، بارڈر پر موجود زائرین کو بائے ایئر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے خود آگے بڑھ کر زائرین کے مسائل پر اسٹینڈ لیا ہے، جمعرات کی دوپہر تک کا وقت مانگا ہے، ان شاء اللہ حکومت کی جانب سے مطالبات کے حق میں مثبت جواب ملے گا۔

 مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد قبال رضوی نے کہا کہ گورنر سندھ زائرین پر پابندی ہٹانے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات کرینگے، گورنر سندھ نے زمینی راستوں پر سے پابندی ہٹانے اور زائرین کے مسائل حل کروانے کیلئے یقین دہانی کرائی ہے، گورنر سندھ نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ وفاق کے نمائندے ہیں، مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ گورنر سندھ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ آج بروز جمعرات وزیر مملکت طلال چوہدری کو مارچ کی قیادت سے مزاکرات کرائیں گے، گورنر سندھ نے زائرین کے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی بنانے کا عندیہ بھی دیا ہے، گورنر سندھ نے ایم ڈبلیو ایم قیادت کا شکریہ ادا کیا یے، ہم بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ہمارا مارچ جاری ہے، گورنر سندھ کیجانب سے زائرین کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی پر ہم اربعین حسینی مارچ آج بروز جمعرات دوپہر تک مؤخر کرتے ہیں، مارچ میں شریک تمام زائرین حتمی نتیجے تک کراچی میں ہی قیام کریں گے، آج جمعرات کو وفاقی اعلیٰ قیادت سے مزاکرات کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree