The Latest
وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں کالعدم جماعتوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے ، سندھ حکومت کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کر رہی ہے ،وزیر اعلیٰ سندھ دینی مدارس کے نام پر دہشتگردوں کو پناہ دے رہیں ،قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پولیس ورینجرز میں موجود کالی بھڑوں کی سرپرستی میں کالعدم دہشتگرد گروہوں کے شہر میں دفاتر کھولے جا رہے ہیں ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ حکومت میں شامل وزراء پر نظر رکھیں ،شہر قائد میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے، اسمبلی میں موجود حکمران صرف قوم کو دھوکا دے رہے ہیں، وفاقی حکومت کے ایک سال اور صوبائی حکومت کے 6سالہ دور میں عوام کو مزید بے روزگاری ،بجلی بحران،اور ٹارگٹ کلنگ و دہشتگری کا تحفہ دیا، 23مئی کو نا اہل وفاقی اورصوبائی حکومت کے خلاف علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے حکم پر ملک گیر عوامی احتجاج ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے وحدت ہاؤس میں 23مئی ملک گیر یوم احتجاج کے حوالے سے ہونے والے کابینہ اورڈسٹرکٹ عہدیداران کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت پورے ملک میں کالعدم گروہوں کو حکومتی سطح پر پروموٹ کیا جا رہا ہے،کراچی شہر میں شیعہ نسل کشی اور قاتلوں کی عدم گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے شہر قائد کو کالعدم تکفیری جماعتوں کے دہشت گردوں او ر سیاسی طالبان کے حوالے کردیا ہے، روزانہ بے گناہ تاجروں، ڈاکٹرز، وکلاء اور انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ وزیراعلیٰ سندھ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ جس وزیراعلیٰ کے صوبے میں ناامنی کی بدترین صورتحال ہو اور شہری ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے سائے میں زندگی گزار رہے ہوں ، ایسے صوبے میں وزیر داخلہ کا نہ ہونا اس بات کا غماز ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور اس کی تمام اتحادی جماعتیں سندھ میں قیام امن کے لئے سنجیدہ نہیں ہیں۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کو متنبہ کیا کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی شیعہ نسل کشی کا نوٹس لیا جائے اور شہداء کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے بصورت دیگرشیعہ قوم انصاف کے حصول کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کا گھیراؤ کرے گی۔
وحدت نیوز(گجرات)ضلع گجرات کے سیکرٹری جنرل برادر تنویر حسین رضوی کی دعوت پر تحصیل کھاریاں کے مقام لالہ موسیٰ میں ایم ڈبلیوایم کی تحصیل کابینہ تشکیل دی گئی جس میں ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت فرمائی ہوئی تھی۔ صوبائی سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین قبلہ علامہ عبدالخالق اسدی صاحب صوبائی کابینہ تحصیل کھاریاں سے حلف لیا۔
اس پروگرام سے پہلے ایک عوامی جشنِ مولودِ کعبہ بھی منعقد کیا ہوا تھا جوجامعہ مسجد لالہ موسیٰ میں قیام پذیر تھاایک بڑی تعداد میں لوگ شرکت فرما تھے جس میں حجتہ الاسلام والمسلمین قبلہ علامہ عبدالخالق اسدی صاحب خصوصی خطاب کیا۔جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے فلسفہ ولایت و امامت پر روشنی ڈالی سیرت محمد وآل محمد پر عمل پیراہو نے کی وضاحت کی اور عالمی اور موجودہ پاکستان سے عوام کو اگاہ کیا ،اس طرح یہ ایک تنظیمی پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا ۔
وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین نجفِ اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ کے سب سے بڑی عوامی اجتماع نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ شخصیت پرستی معیار نہیں ہے بلکہ نظریہ معیار ہے اور اس نظریہ اتحاد کو مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے عملی جامہ پہنایا اور یہ بھی بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان عملی جدوجہد والی جماعت ہے۔ علامہ سید مہدی نجفی نے یہ بھی بتایا کہ ہم زندہ، باوقار، سربلند، باعزت اور جرات مند قوم ہیں۔ غیور عوام ملک کے دفاع اور محبت کا حق ادا کرتے رہے ہیں۔ ہمیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے اپنے اندر تبدیلی لانا ضروری ہے۔ جب ہم اپنے اندر تبدیلی لے آئیں گے اور متحد ہو جائیں گے تو پھر کوئی قوت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
وحدت نیوز(کراچی) میٹھادرمیں امریکی سعودی نواز کالعدم سپاہ صحابہ لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کی فائرنگ سے امام بارگاہ شیرازی کے متولی شوکت شیرازی شہید جب کے ان کے ساتھ ان کے اہلسنت دوست قیصر بھی شہید ہوگئے ۔نمائندیکی اطلاعات کے مطابق امریکی سعودی نواز کالعدم سپاہ صحابہ لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں نے اس وقت گولیاں مار کے شہید کیا جب وہ اپنے اہلسنت دوست کے ساتھ جارہے تھے کے گھات لگائے دیوبندی دہشتگردوں نے فائرنگ کردی جس سے شوکت شیرازی اور ان کے اہلسنت دوست قیصر شہید ہوگئے ۔شوکت شیرازی امام بارگاہ شیرازی کے متولی اور مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولٹیکل کونسل کے رکن تھے۔
کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ایم ڈبلیوایم اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج
وحدت نیوز(کراچی ) مجلس وحدت مسلمین کراچی،جعفریہ الائنس ،امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کی جانب سے شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور جنگ گروپ کی جانب سے توہین اہلبیت علیہ السلام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی امام بارگاہ شاہ خراسان سے نکالی گئی جس میں خواتین ،بچوں سمیت شیعہ افراد کی بڑی تعداد موجود تھی ریلی میں موجود شرکاء ریلی نے وزیر اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ سمیت جنگ گروپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ریلی کے شرکاء سولجربازار سے ہوتے ہوئے نمائش چورنگی پہنچے جہاں احتجاجی دھرنا دیا گیا دھرنے سے خطاب میں مجلس و حدت مسلمین کے رہنماء علی حسین نقوی ،علامہ مبشر حسن ،علامہ علی انور نقوی کاکہنا تھا کہ کراچی اب تک 350 سے زائد شیعہ علماء ،پروفیسرز،ڈاکٹرز،وکلاء ،تاجر وں سمیت عمائدین کو نشانہ بنایا گیا مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تاحال کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی وفاقی حکومت اور ریاستی ادارے ملک بھر میں دہشت گردوں کی سرکوبی کرنے کے بجائے ان سے مذاکرات کی باتیں کر رہے ہیں جبکہ یہ سفاک اور انسانیت کے دشمن دہشت گرد ملک کے تین صوبوں میں ہولناک تباہی مچا کر معصوم انسانوں کا قتل عام کر رہے ہیں ۔دہشت گردی کا خاتمہ صرف اور صرف کالعدم دہت گرد گروہوں کا قلع قمع کئے جانے سے ہی ممکن ہے جبکہ حکومت اور حکومتی ادارے ملک دشمن اور اسلام دشمن دہشت گردگروہوں سے مذاکرات کی باتیں کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں جو براہ راست پاکستان سے دشمنی کے مترادف ہے۔ کراچی میں350 جبکہ سے زائد شیعہ علماء و نوجوانوں کو شہید کیا گیا ہے اور ظلم کی انتہا یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگٹ کلنگ کی ان واقعات میں ملوث تاحال کسی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیا یہ اس بات کا واضح ثبوت کے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کالعدم گرہوں کے حمایت یافتہ افراد موجودہیں سندھ حکومت کو چاہیے کے اپنی صفوں میں سے ان کالی بھیٹوں کو علیحدہ کرے اور وفاقی و صوبائی حکومت شیعہ اور سنی فسادات پھیلانے والے عناصر سے حکومت مذاکرات کی بجائے طاقت سے نمٹے اور ان کا قلعہ قمع کرے۔
ریلی سے خطاب میں مجلس و حدت مسلمین کے رہنماء علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ اہلیبت علیہ السلام کی شان میں جیو ٹی وی کے پروگرام میں گستاخی سے امت مسلمہ کی دل آذاری ہوئی اور ایسی دل اذاری جنگ گروپ گزشتہ کئی عرصے سے کر رہا ہے اور اس کے پس پردہ وہی عوامل ہیں جو اس ملک میں فرقہ واریت اور عدم استحکام دیکھنا چاہتے ہیں ،گستاخ اہلبیت علیہ السلام جنگ گروپ کی داستان ایسے کئی کارموں سے بھری پڑی ہے جس کی وجہ سے اس ملک کا امن و امان خراب کیا گیا اور ایک مخصوص تکفیری ذہنیت کو پروان چڑھایا گیا جس نے امت مسلمہ اور ملکی عوام میں قومیت اور فرقہ بندی کی اور کئی پروگرامات کے علاوہ اپنے اخبار میں کئی بار لوگوں کی دل اذاری کی۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا اور حکومت فوری طور پر ایسے شر پسند چینل کو بند کرے اور اس پر مکمل پابندی لگائی جائے ،حکومت فوری ایکشن لیتے ہوئے جنگ گروپ کے خلاف سخت ایکشن لے اور گستاخی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے سخت سزادی دی جائے تاکہ پھر کوئی ایسی گستاخی کرنے کی ہمت نہ کر سکے درایں اثناء رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کراچی شیعہ نشل کشی اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف 23مارچ کو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا بعد اذاں شرکاء نے احتجاج ریلی کا اختتام امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح پر کیا اور حکومت و جنگ گروپ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔
وحدت نیوز(اسکردو) منہاج القران کے مرکزی رہنما فرحت حسین شاہ نے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء اسکردو پر بیداری ملت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرض اتارو ملک سنواروں کا نعرہ لگا کر پوری دنیا میں بیٹھے ہوئے پاکستانیوں کو بیوقوف بنا کر اربو ں روپے اکٹھے کرکے حکمرانوں نے صرف اپنی عیاشی کے اڈے بنائے اور ملک کا قرض بڑھتا ہی رہا مگر آج سکردو میں انسانوں کے ٹھاٹھیں مارتے ہوا سمندرسے ثابت ہو چکا ہے کہ اب بھی حکمران اپنی من مانیاں کریں اورانکو کوئی روکنے والانہ ہو آج تمام قوتیں اکٹھی ہو کر ایساآہنی ہاتھ بن جائیگا کہ اگرکسی نے یہاں کے عوام کے حقوق غضب کرنے کی بات بھی کی تو اسکی زبان کھینچ دی جائیگی ۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے محب وطن عوام کے ساتھ حکمرانوں کا استحصالی رویہ افسوس ناک ہے، اب تک بر سر اقتدار آنے والی کسی بھی جماعت نے اس خطے کو آئینی حیثیت دینے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا، قدرتی وسائل سے مالا مال اس خطے کو حکمران دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ ہے، شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری پاکستان کے استحکام کی خاطر ایم ڈبلیو ایم سمیت تمام محب وطن سیاسی قوتوں کی سپورٹ کے لئے آمادہ ہیں ۔
وحدت نیوز(اسکردو) سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حسین رضا نے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء اسکردو پر بیداری ملت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی اتحاد بنانے والوں نے پاکستان بنایاتھا اب پاکستان بچائیں گے بھی ہم کیونکہ جن لوگوں نے پاکستان کی مخالفت کی انہوں نے ہی ہمارے دشمنوں سے ملکراور ملک دشمنی کا ثبوت دیا اور نسل در نسل اقتدار پر قابض ہوگئے مگر ہم اپنے حقوق حاصل کرکے رہیں گے ہم ڈنڈے کے نام پر اسلام نافذ کرنے والوں کی سخت مزمت کرتے ہیں اوروعدہ کرتے ہیں کہ جب تک دم میں دم ہے اسلام دشمنوں کامقابلہ کرتے رہیں گے ، انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے سنی شیعہ عوام کا اکھٹا ہو نا ناگزیر ہا ہو چکا ہے، اسلام دشمن و ملک دشمن قوتیں ہم حملے کا کوئی موقع ضائع نہیں ہونے دے رہیں ، وقت آگیا ہے کہ تمام بیدار عوام متحد ہو کر عالمی استعماری قوتوں کے خلاف بر سر پیکار ہوجائیں ،ڈنڈا اور کلاشنکوف بردار شریعت کا نفاذ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء اسکردو پر بیداری ملت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل جواد الحسن کاظمی نے کہا کہ ہم لوگ کسی بھی بڑے مقصد کے حصول کے لیے بلخصوص پاکستان کی ترقی اور اپنے حقوق کے لیے مل بیٹھ سکتے ہیں تاکہ ملک دشمنوں کا قلعہ قمع کیا جاسکے اب وقت آچکا ہے کہ اپنے دیکھے ہوئے خوابوں کی تعبیر کے لیے سب مل بیٹھ کر اسلام اورپاکستان کے استحکام کے لیے کام کریں ہم وہ لوگ نہیں جنہوں نے قیام پاکستان سے کی مخالفت کی اور قائد کے خلاف فتوے دیتے رہے ہم وہ بھی نہیں جنہوں نے پیسے لیکر ملک میں دہشت گردی کو پروان چڑھایا بلکہ ہم وہ ہیں جنکے آباو اجداد نے اپنے خون کی قربانیاں دیں خدا کا شکر ہے کہ پاکستان کے استحکام کے لئے محب وطن سنی شیعہ متحد ہیں، کیونکہ ہنگو کے 12سال کا اعتزاز حسن بھی بخوبی جانتا ہے کہ دہشت گردوں سے کیسے نمٹا جاتا ہے حکمران بزدلی چھوڑ کرجرائت کا مظاہرہ کریں ۔
وحدت نیوز(اسکردو) جمیعت اہل حدیث بلتستان کے مرکزی رہنما مولانا محمد بلال زبیری نے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیر اہتمام یادگار شہداء اسکردو پر بیداری ملت و استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈوگرا راج کے خلاف بھر پور مزاحمت کی اور پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا مگر ہمیں آج تک آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا ہمیں بتایا جائے کہ ہم کشمیری ہیں یا بلتی ہیں اگر ہمیں ہمارا حق نہ دیا گیا تو بہت جلد یہاں کی عوام کا ہاتھ ہوگا اور حکمرانوں کا گریبان ہوگا، میں آج ایک مرتبہ پھر اعلان کر تا ہوں کے آغا سید علی رضوی ہمارے قائد ہیں ، جن کی قیادت میں ہم نے گندم سبسڈی کی بحالی کی تحریک کو کامیاب بنایا ، مجلس وحدت مسلمین محروم عوام کی آواز ہے، اہلیان گلگت بلتستان کو ایم ڈبلیوایم کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا چائیں ۔
گلگت بلتستان کی عوام کے آئینی حقوق کی آوازپاکستان کی گلی گلی میں لیکر جائیں گے،علامہ ناصرعباس جعفری
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی الیکشن کے ذریعے برسراقتدار آنے والی کسی حکومت کو نہیں مانتے، ملک میں آزاد الیکشن کمیشن کے ذریعے متناسب نمائندگی کی بنیاد پر الیکشن کرائیں جائیں، بدقسمتی سے آج جو ہم پر حکمران مسلط ہیں وہ جھوٹے، بدکردار، کرپٹ اور لٹیرے ہیں، جو الیکشن چوری کرکے جعلی مینڈیڈیٹ لیکر جعلی حکومت بنا لیتے ہیں، ان چوروں اور انکی چوری کی ہوئی حکومت کو ہم نہیں مانتے، گلگت بلتستان کے عوام کے آئینی حقوق پاکستان کی گلی گلی میں لے کر جائیں گے، یہاں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اشرافیہ سے عوام کے حقوق چھین کر دم لیں گے، ہم مظلوموں کی زبان بنیں گے، سیاسی تبدیلی کے لئے سیاسی سوچ میں تبدیلی لانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیراہتمام اسکردو میں ہونے والی بیداری ملت و استحکام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سنی اتحاد کونسل کے وائس چئیرمین صاحبزادہ حسین رضا، منہاج القرآن کے مرکزی رہنما سید فرحت عباس شاہ، اہل حدیث رہنما حافظ بلال زبیری اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، سنی اتحاد کونسل کے رہنما جواد کاظمی، مسلم لیگ (ق) کے رہنما ظفر ریلے اور بلوچستان اسمبلی کے رکن آغا سید محمد رضا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
علامہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے اپنے اندر تبدیلی لانا ضروری ہے اور جب ہم اپنے اندر تبدیلی لے آئیں گے اور متحد ہوجائیں گے تو پھر کوئی قوت ہمیں شکست نہیں دے سکتی، اگر ہم شیعہ سنی کے فسادات میں الجھے رہے تو پھر یہی بدکردار سیاستدان ہم پر مسلط رہیں گے، یہی وجہ ہے کہ 12 روز احتجاج کرنے کے بعد ہمیں گندم کی سبسڈی ملی، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکومت ان تمام بنیادی مسائل کا حل عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اس علاقے کے لوگوں کے حقوق غضب کئے، ان کے خلاف متحد ہوکر اعلان جنگ کیا جائے اور اس کے لیے یہاں کے لوگوں کو اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچاننا ہوگا، تب ہی ہم اپنے حقوق حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مظلوموں کی آواز ہیں اور انکے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور ہمیشہ دشمنوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھاتے ہیں، بےشک امریکہ ہی کیوں نہ ہو، دشمن ہمیں مختلف فرقوں میں تقسیم کرکے ہم پر مسلط ہونا چاہتے ہیں، اب وقت آچکا ہے ہم اپنی مظلومیت کو چھوڑ کر متحد ہوجائیں اور ظالم حکمرانوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیں، آج دنیا بدل رہی ہے، مگر پاکستان کے حالات ان کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے جوں کے توں ہیں، اب ان حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دینگے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتے ہیں کہ جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں مسائل حل نہیں کرسکتیں، پاکستان میں ہونے والے جعلی الیکشن ہمیں قبول نہیں، آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے جو متناسب نمائندگی کے ذریعے الیکشن کرائے،تاکہ 2 فیصد اشرافیہ کی بجائے 98 فیصد عوام کو ایوانوں میں نمائندگی مل سکے، ہم سیاست میں اختلاف کے قائل ہیں دشمنی کے نہیں، ہم برے کو نہیں برائی کو برا جانتے ہیں اور برائی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے عوامی جدوجہد کے قائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان سے محبت کرنے والوں کا خطہ ہے یہ خطہ پاکستان کی فطری دفاعی لائن ہے، لیکن 65 سالوں سے حکمران انہیں نظر انداز کرتے رہے، عوامی طاقت کے ذریعے کوئٹہ کے رئیسانی کو اقتدار سے نکالا، اگر ظلم بند نہ ہوا اور کراچی اور پنجاب میں مظلوموں کا خون بہایا جاتا رہا تو کراچی، اسلام آباد، لاہور اور گلگت بلتستان کا کوئی بھی رئیسانی اقتدار میں نہیں رہیگا۔ انہوں نے جمعہ کو کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کر دیا۔