وحدت نیوز(لیہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ملک کے دیگر شہروں کی طرح جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں بھوک ہڑتالی کیمپ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے لیہ پریس کلب کے سامنے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ملتان سے جاری بیان کے مطابق علامہ اقتدار حسین نقوی نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد وحدت کی کال پر عید کے بعد لانگ مارچ میں جنوبی پنجاب کی غیور عوام بھرپور انداز میں شرکت کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے کمیٹیاں بنائی جائیں اور ماہ مبارک رمضان سے استفادہ کرتے ہوئے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تحریک چلائیں۔ عید کے بعد لانگ مارچ حکمرانوں، ظالموں، دہشتگردوں اور قاتلوں کی نابودی کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر سابق ضلعی سیکرٹری جنرل جمیل حسین خان گشکوری، نومنتخب سیکرٹری جنرل محسن عباس سواگ، مزمل حسین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز (سکردو) اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے مطالبات کے حق میں دھرنے سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک بھر کی طرح بلتستان کے صدر مقام اسکردو میں بھی آغا علی رضوی کی قیادت میں دن رات دھرنا جاری ہے۔ رمضان مبارک میں بھی شدید گرمی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہے۔ دھرنے کے پچیسویں روز شرکاء سے شیخ عابدی، شیخ مبارک علی اور آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ رمضان مبارک میں بھی وفاقی حکومت کی جانب سے ہمارے مطالبات پر کان نہ دھرنا اس بات کی دلیل ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی اخباری بیانات کی زینت بن کر رہ گئی ہے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا کہ اتنے دنوں سے دھرنے اور مطالبات کے باوجود حکومت نے ہمارے احتجاج کا نوٹس نہیں لیا، اب علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر رمضان کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے غیور عوام بھی رمضان کے بعد اسلام آباد لانگ مارچ کے لئے تیاری مکمل کریں۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب جب مظلومین اور محرومین لانگ مارچ شروع کریں گے تو نواز حکومت کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہو جائے گا۔ ہم اس وطن کے وفادار بیٹے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف آخری جنگ لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ ہم اس وقت تک ملک میں چین سے نہیں بیٹھیں گے، جب تک تمام شہریوں کو جینے کا حق نہ ملے، جب تک اقبال اور قائد کا پاکستان نہ بنے، جہاں تمام مکاتب فکر آزاد ہوں، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد/واشنگٹن/کیلیفورنیا/نیویارک/ ڈیلاس/شگاگو/ہوسٹن/سیاٹل) پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ، قاتلوں کی عدم گرفتاری، ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی، اہل تشیع کی زمینوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف تیرامئی بروز جمعہ سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر جاری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال سے اظہار یکجہتی کیلئے جہاں پاکستان کے کونے کونے میں احتجاجی اجتماعات منعقد رہے ہیں وہیں بیرون ممالک مقیم پاکستانی بھی کسی صورت بھی پیچھےنہیں،لندن، جرمنی اور افریقہ کے بعد امریکہ کی آٹھ مختلف ریاستوں واشنگٹن،کیلیفورنیا،نیویارک، ڈیلاس،شگاگو،ہوسٹن اور سیاٹل میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے پاکستان کے سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیئے، علامتی دھرنے دیئے اور علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی قائم کیئے ، احتجاج کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے اب تک جاری ہے ، جن میں مرد وخواتین اور بچوں وبزرگوں کی بڑی تعداد شریک تھی ،جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم ، بینرز اور پلےکارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف اور امن کی حمایت نعرے درج تھے، جبکہ متعددافراد نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور شہدائے پاکستان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جو انصاف کے حصول اور پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نعرے بازی کررہے تھے۔
نیویارک میں پاکستانی امبیسی کے باہر پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کےخلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال کی کی حمایت میں احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا اوردوروزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا، جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے سرکردہ افراد کے علاوہ شیعہ کمیونٹی کے اراکین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی جبکہ معروف علمائے کرام بھی موجود تھے جنہوں نے پاکستان کی ہرگزرتے دن کی بدترین صورت حال پرتشویش کا اظہار کیااور پاکستان میں شیعہ شہریوں پر دہشت گردی اور ان کے خلاف پرتشددواقعات کی بھرپور مذمت کی ،علماءاور زعماءکے وفدنے ایک احتجاجی قرارداد پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی خدمت میں پیش کی جس میں اہل تشیع شہریوں کے جان ومال کے تحفظ اور ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے مطالبہ شامل تھے،علامہ عباس ایلیاء، علامہ ظہیرالحسن نقوی، مولانا عمران بخاری،جواں سال خطیب مولانا ابصار نقوی اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ تین دہائیوں سے پاکستان میں اہل تشیع دہشت گردی کا شکار ہیں ، افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ حکومت قاتلوں کو سزادینے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کرتی ہے ، حکومت پاکستان ملت تشیع کی برداشت کا امتحان لے رہی ہے، مقررین نے کہاکہ پاکستان میں قتل ہونے والے اہل تشیع ، اہل سنت اور دیگر اقلیتی شہریوں کے قتل عام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعبا س جعفری کی پر امن جدوجہد اور بھوک ہڑتالی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انصاف کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ ہیں ۔وفاقی حکومت نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے پرامن پاکستان کیلئے پیش کردہ مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر احتجاج کریں گے۔
ہوسٹن میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی جانب سے پاکستان میں جاری شیعہ نسل کشی پر ریاستی اداروں کی مجرمانہ خاموشی اور پاکستان کی فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کےخلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی گذشتہ ایک ماہ سے اسلام آباد میں جاری بھوک ہڑتال کی حمایت میں مرد خواتین بچوں اور بزرگوں نے پاکستانی سفارتخانے کےسامنےاحتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ مسیحی برادری کا وفدبھی خصوصی طور پراحتجاج میں شریک ہوا،احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم گانگریس کے صدر علامہ شمشاد حیدر نے کہاکہ پاکستان میں اہل تشیع ڈاکٹر ز، انجینئرز، وکلاءکا قتل عام ریاستی اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے، حکمرانوں نے حالت کو اس نہج تک پہنچایا دیا کہ شیعہ قائدین اب بھوک ہڑتال پر مجبور ہیں ، امریکہ میں مقیم شیعہ کمیونٹی ہر موڑ پر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے قدم با قدم موجود رہے گی۔امریکہ میں مقیم پاکستانی شیعہ کیونٹی کسی صورت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کواس جدوجہد میں تنہانہیں چھوڑے گی۔
وحدت نیوز (شکارپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کا پیام وحدت کنونشن برائے انتخاب ضلعی سیکریٹری جنرل سال 19-2016،مسجد وامام بارگاہ کربلائے معلیٰ لکھی درمیں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی نے کی جبکہ صوبائی سیکریٹری امور تنظیم سازی آغامنور جعفری سمیت اراکین ضلعی شوریٰ اجلاس میں شریک تھے، اراکین شوریٰ نے حق رائے استعمال کرتے ہوئےآئندہ تین سال کیلئے برادر فداعباس لارک کو ایم ڈبلیوایم ضلع شکارپور کا سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودڈومکی نے نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل سے ان کے عہدے کا حلف لیا، جبکہ علامہ مقصودڈومکی اور علامہ عبدالمجید بہشتی نے سیرت امام خمینی ؒ پر خطاب بھی کیا۔
(وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے اپنے معاون کے طور پر فاضل قم حجۃ الاسلام والمسلمین سید ظہیرالحسن نقوی ( ڈائریکٹر ولایت چینل) کو منتخب کیاہے ۔موصوف مجلس وحدت مسلمین کے تاسیس سے اب تک مختلف حوالوں سے مجلس سے مربوط ہونے کےساتھ فکری،سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں فعال ہیں ۔اسی طرح مجلس وحدت کے اعلی دینی اہداف کی نشرواشاعت کے لئے برادار وجاہت حسین حسنی کو یورپ میں مجلس وحدت مسلمین کے نمائندے کے طور پر انتخاب کیا ۔ موصوف سابقہ آئی ایس او میں فعال رہنے کیساتھ عرصہ دراز سے مجلس وحدت سے مربوط تھے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی صوبائی جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیے جانے والے بجٹ کوعداد وشمار کا ہیرپھیر اور ملک کے متوسط طبقے کی مشکلات میں ناقابل برداشت اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ انتہائی مایوس کن ہے۔بے تحاشہ ٹیکسز کے اجراء سے عام استعمال کی بیشتر اشیا مہنگی ہو جائیں گی۔ مصنوعات پر ٹیکسز کے اثرات سے ہر شخص براہ راست متاثر ہو گا۔مہنگائی کے موجودہ تناسب سے مطابقت نہ رکھنے والا یہ بجٹ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کی داخلی اور خارجی پالیسیوں کی طرح اقتصادی معاملات بھی صلاحیتوں کے فقدان کی نذر ہو رہے ہیں ۔تعلیم اور صحت کے لیے بجٹ میں مختص کی جانے والی انتہائی کم رقم پاکستان کے مستقبل کے بارے حکومت کی غیر سنجیدگی اور عدم دلچسپی کا اظہار ہے ۔پاکستان ایک زرخیز ملک ہے لیکن زراعت کے میدان میں حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث بھرپور استفادہ کرنے سے قاصر رہے ہیں۔حکومت کی ناکام تجارتی پالیسیوں اور وطن عزیز میں عدم استحکام کی صورتحال نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان سے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔پاکستان کا کثیر سرمایہ غیر قانونی طریقہ سے ملک سے باہر منتقل کیا گیا جس سے ملکی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔موجودہ حکومت نئی صنعتوں کے قیام میں بُری طرح ناکام رہی۔کسی بھی ملک کی ترقی میں انڈسٹری کو اقتصادی ڈھانچے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہوتی ہے۔ صنعتوں کے قیام میں نواز لیگ حکومت کی دانستہ عدم دلچسپی ایک مجرمانہ فعل اور قوم سے خیانت ہے۔پڑھے لکھے نوجوان طبقے کو ملازمتوں کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔جس سے عام شہریوں کی مایوسی میں اضافہ ہو ا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے بجٹ کا انحصار سی پیک منصوبے پر کرنے کی بجائے ملکی ترقی و استحکام کے لیے زرعی خوشحالی اور صنعتوں کے فروغ کی طرف توجہ دی جانے کی اشد ضرورت ہے۔ کسی بھی ملک کے نوجوان وہاں کا اثاثہ اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ نوجوانوں کو بہترین مستقبل دینے کے لیے جاندار پالیسیوں کا اجرا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مزدور کی تنخواہ میں محض ایک ہزار روپے اضافہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔نواز لیگ کا حالیہ بجٹ بھی سابقہ ادوار کی طرف مزدور کُش ہے۔ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر بجٹ تیار کرنے والوں کوعام آدمی کے رہن سہن کا اندازہ نہیں ہے۔