وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں قائم ترک اسکول سسٹم کی بندش کےاحکامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مدارس کے بجائے ترک اسکولوں کی بندش حکومت پاکستان کا غیر منطقی اقدام ہے، پاکستان ، اس کے ریاستی اداروں ،قومی اثاثوں اور بے گناہ عوام کو جتنا شدید جانی ومالی نقصان تکفیری دہشت گرد مدارس نے پہنچا یا کسی اور نے نہیں، حکمرانوں کی جانب سے ایسے دہشت گرد مدارس کو فری ہینڈ دینااور ترک اسکولز سسٹم کو بند کرنا سمجھ سے عاری فیصلہ ہے، انہوں نے کہا کہ ترک اسکول سسٹم کی بندش سے ہزاروں طلباءکی تعلیمی سرگرمیاں متاثر اور ہزاروں اساتذہ اور ملازمین بے روز گارہوگئے جس کا ازالہ کرنے کیلئے حکومت کے پاس کوئی ٹھوس اور موثر پلان موجود نہیں ، اسد عباس نقوی نے کہا کہ بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان اسکولوں کی بندش کا فیصلہ وفاقی حکومت نے جلد بازی میں کیا اور اس کا مقصدترک صدر اور آل سعود کی خوشنودی کے سوا کچھ نہیں ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کوہ پیماء،فخر پاکستان حسن سدپارہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ آغا سید علی رضوی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری مشترکہ تعزیتی بیان میں حسن سدپارہ کی رحلت کو قومی نقصان قرار دیا ہے، رہنمائوں نے کہا کہ قومی ہیرو کی مفلسی کے عالم موت عیاش طبیعت حکمرانوں کے منہ پر تماچہ ہے، افسوس ناک بات یہ ہے کہ پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنےوالے اس قومی ہیرو کی میت اس کے آبائی علاقے منتقل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے کوئی خاطر خواہ انتظام تک نہ کیا گیا اور اہل خانہ پرائیوٹ وین کی چھت پر میت رکھ کر لے جانے پر مجبور ہوئے، رہنمائو ں نے اس عظیم سرمائے کے نقصان پر اہلیان گلگت بلتستان اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما و شوریٰ عالی کے رکن علامہ امین شہیدی نے راولپنڈی میں چہلم سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودہ سو سال قبل میدان کربلامیں سے اٹھنے والی ہل من ناصر ینصرنا کی آواز پر آج پوری دنیا لبیک یاحسینؑ کی صدائیں بلند کر رہی ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ حسینی آج بھی زندہ و بیدار ہیں۔انہیں جبر و استبداد سے دبانے کی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ملت تشیع کے خلاف وہ باطل قوتیں متحرک ہیں جن کی اصل دشمنی اسلام سے ہے ۔ شیعت کو اسلام کا مضبوط دفاع سمجھتے ہوئے وہ اسے نشانہ بنانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔ان قوتوں کے مقدر میں سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا آل سعود کی ایما پر پاکستان میں ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردی کے واقعات کے ساتھ ساتھ ہمیں ریاستی جبر کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ملک کے مقتدر شیعہ علما اوران فعال شخصیات کوریاستی ادارے انتقام کا نشانہ بنایا رہے ہیں جن کی حب الوطنی روز روشن کی طرح آشکار ہے۔گرفتاریاں اور اس طرح کے مذموم حکومتی ہتھکنڈوں کے ذریعے ہمیں حسینی مشن سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ حسینی فکر کے پیروکار حق کی راہ میں قربان تو ہو سکتے ہیں لیکن اپنے اصولی موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا جرم محض اتنا ہے کہ ہم شیعہ ہیں، ہم یزیدیت کے خلاف آواز بلند کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ تھا لیکن پولیس انتظامیہ دہشت گردوں کی بجائے پُرامن شہریوں کے خلاف استعمال کر کے اس قانون کی افادیت کو مشکوک بنا رہی ہیں۔ سپیکر ایکٹ کے تحت ان لوگو ن کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں جو سپیکر پر رواداری، حب الوطنی اورامن و آشتی کا درس دیتے ہیں جبکہ اس کے برعکس ان لوگوں کو کھلی آزادی حاصل ہے جو سپیکر کو شر انگیزی، مذہبی تعصب اورتفرقہ بازی کے لیے استعمال کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ نیشنل ایکشن پلان سے انحراف اورآئین و قانون کی توہین ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں مسلمان مظالم کا شکار ہیں۔ کشمیر، فلسطین،یمن،نائجیریا اور شام سمیت ہم دنیا بھر کے مظلوموں کی بلا تخصیص مذہب و مسلک حمایت کرتے ہیں ۔سعودی عرب کے مقدسات کے خلاف میلی نظر سے دیکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتاہے۔ حرم شریف کا دفاع ہر مسلمان پر واجب ہے۔عالم اسلام کو یہ بات سمجھنا ہو گی کہ سعودی بادشاہت الگ چیز ہے اور حرمین شریفین الگ۔ سعودی حکومت اپنی بادشاہت کو بچانے کے لیے حرم کی آڑ میں چھپ کر مسلمانوں کو گمراہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کعبہ کو مسلمانوں کے کسی مسلک سے خطرہ نہیں بلکہ ان عناصرسے خطرہ ہے جنہوں نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہ کے مزارات کو تباہ کیا، جنہوں نے رسول زادی سلام اللہ علیہا کے مقبرے کو مسمار کیا۔علما کے لبادے میں چھپے ہوئے مغربی استعمار کے یہ ایجنٹ اسلام کے لیے اصل خطرہ ہیں۔اس پُرتشدد فکر کو شکست دینے کے لیے عالم اسلام کی تمام معتدل مذہبی قوتوں کو ایک دوسرے کے قریب آنا ہو گا۔اسلام دشمن قوتوں کی شکست عالم اسلام کے اتحاد و اخوت میں مضمر ہے۔
وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) اسکردو سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت کے حامل پاکستانی کوہ پیما حسن سدپارہ آج سی ایم ایچ راولپنڈی میں زندگی کی بازی ہار گئے۔ حسن سدپارہ دنیا کی سب سے بلند پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے دوسرے پاکستانی کوہ پیما تھے۔ اسکردو سدپارہ سے تعلق رکھنے والے حسن سدپارہ کی عمر 42 برس تھی اور وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ دو ماہ قبل ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی اور راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں ان کا علاج کیا جا رہا تھا۔ انھوں نے کوہ پیمائی کا آغاز 1994ء میں کیا تھا اور 1999ء سے پیشہ وارانہ کوہ پیمائی شروع کی تھی۔ 2007ء تک انہوں نے پاکستان میں واقع آٹھ ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں آکسیجن کی مدد کے بغیر سر کر لی تھیں۔ کوہ پیمائی میں اعلٰی کارکردگی پر حکومتِ پاکستان نے حسن سدپارہ کو 2008ء میں تمغۂ حسن ِ کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔ حسن سدپارہ نے 1999ء میں قاتل پہاڑ کے نام سے پہچانے جانے والے نانگا پربت، 2004ء میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، 2006ء میں گیشا برم ون اور گیشا برم ٹو جبکہ 2007ء میں براڈ پیک کو سر کیا۔ براڈ پیک سر کرنے کے بعد مئی 2011ء میں حسن ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچ کر یہ پہاڑ سر کرنے والے دوسرے پاکستانی بنے۔
وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے مجلس عزا میں شریک عزاداروں پر دہشت گردانہ حملے میں کم از کم پچاس عزادار شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ افغانستان کی پولیس کے ایک اعلٰی عہدیدار نے بتایا کہ جس وقت لوگ کابل کی مسجد باقرالعلوم میں عزاداری سیدالشہداء میں مصروف تھے، اسی وقت ایک دہشت گرد نے خود کو مسجد کے اندر دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حملے میں پچاس عزادار شہید اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، لہذا جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دہشتگرد تنظیم داعش نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ شہید ہونے والوں کے جسم کے ٹکڑے دور دور تک جا گرے اور ہر طرف افراتفری کا ماحول تھا۔ اس سے پہلے بھی تکفیری دہشت گردوں نے کابل میں عزاداروں پر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔ گذشتہ نو محرم کو کابل میں عزاداری کے جلوس پر دہشت گردانہ حملے میں چودہ عزادار شہید ہوگئے تھے۔
وحدت نیوز (کربلائے معلیٰ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری 4روز کی مسافت طے کرکے پاپیادہ نجف سے کربلا پہنچ گئے،15صفرالمظفر کو نجف سے آغاز ہونے والا یہ سفر 18صفرالمظفر کو کربلائے معلیٰ پہنچ کر اختتام پزیر ہوا،80 کلومیٹر طویل اس سفر میں مختلف مقامات پر انہوں نے نمازباجماعت کی امامت اور مناقب ومناجات کا شرف حاصل کیااور ایم ڈبلیوایم شعبہ امور خارجہ کے تحت زائرین گرامی قدر کی خدمت کے لئے قائم موکب شہدائے پاکستان میں شہداءکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی میں بھی شرکت کی ، جبکہ کربلا پہنچنے پر انہوں نےتھکن سے چور زائرین اباعبدالحسین ؑ کی خدمت بھی کی، اس موقع پرمجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ سید احمد اقبال رضوی،علامہ سید شفقت شیرازی، علامہ سید ظہیر الحسن نقوی، سید مہدی عابدی،اسد عباس نقوی ، وحدت اسکائوٹس ، امامیہ اسکائوٹس، ایران، لندن ، امریکہ، پاکستان سمیت دیگر ملکوں کے پاکستانی زائرین بھی بڑی تعدادمیں انکے ہمراہ موجود تھے۔واضح رہے کہ کل روز چہلم شہدائے کربلا ہزاروں پاکستانی زائرین کے قافلے کے ہمراہ حرم مطہر امام حسین ؑ میں حاضری دیں گے اور ماتم داری کریں گے۔