وحدت نیوز(کراچی) سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاراچنار میں دہشتگردوں کی سفاکانہ و بزدلانہ کاروائی کی شدید مذمت کی اور دھماکہ کے بعد شہریوں کی احتجاجی مظاہرے پر ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ اور اس کے نتیجے میں درجنوں پرامن شہریوں کے زخمی ہونے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے متعصب اور دہشتگردوں کے ہمدردوں کیخلاف فوری تحقیقات کرے اور ذمہ داراں کو قرارواقعی سزا دیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاراچنار کے عوام کو ایک طرف دہشتگردوں کی بربریت کا سامنا ہے تو دوسری طرف ایف سی اور پولیٹیکل ایجنٹ انتقامی کاروائیوں میں مصروف ہیں،آخر یہ مظلوم عوام انصاف کے لئے کہاں جائیں؟جس دن سے عوامی رضا کاروں کو ناکوں سے ہٹایا گیا اس دن سے لے کر اب تک درجنوں شہید اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں،پاراچنار کے عوام کو تحفظ دینے میں پولیٹیکل ایجنٹ اور انتظامیہ مکمل ناکام ہو چکے ہیں،ایک مکمل منصوبہ بندی کے تحت وقفے وقفے سے اس مظلوم آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،پاراچنار کے پہلے سانحات پر ایکشن لیا جاتا اور دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جاتا تو آج یہ المناک سانحہ پیش نہ آتا،آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے بعد بھی حکومت اور سکیورٹی ادارے شیعہ قتل عام روکنے میں ناکام ہیں ،مسلسل غفلت کے مرتکب سیکورٹی اہلکاروں کیخلاف کاروائی ہونی چاہیئے،حکومت اور ادارے دوسرے ممالک کی تحفظ کے لئے بے چین ہونے سے پہلے اپنی عوام کی جان ومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کوئٹہ کی جانب سے جشنِ ولادت بیبی شھزادی فاطمہ الزہرہ(س) کی مناسبت سے جشن و میلاد کا اہتمام جعفری ہاوس میں کیا گیا۔جسمیں خصوصی طور پہ شرکت کیلئے مرکزی مسؤل خواہر فرحانہ گلزیب نے شرکت فرمائی اور شھزادی فاطمتہ الزہرہ(س) کے اسوہ اور زندگانی پہ خطاب فرمایا۔جشن میں کوئٹہ شھر کے مدارس کی خواہران نے بھی بھرپور شرکت کی اوربچیوں نے مختلف موضوعات پرمشتمل بیبی فاطمہ(س) کی اسوہ مبارکہ پر تقاریر کیں اور ڈرامہ کی صورت میں عکاسی کی۔ اسکے علاوہ طباشی پیش کی گئیں۔مدرسہ فاطمتہ الزہرہ(س) کی خواہران نے بارگاہِ شھزادی کونین میں منقبت پیش کئیں۔آخر میں بہترین کارگردگی ادا کرنے والی خواہران میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ملٹری الائنس کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل راحیل شریف کا عہدہ قبول کرنا ان کے ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔پاکستان کے عوام کی اکثریت اس فیصلے سے مطمئن نہیں ۔عالمی تجزیہ نگاردنیا میں شدت پسندی کے فروغ کا ذمہ دار آل سعود کو ٹہراتے ہیں۔یمن میں بے گناہ افراد پر آگ برسانے والے اس سعودی اتحاد کا حصہ ہیں۔سعودی ملٹری الائنس سعودی مفادات کے تحفظ اور عالم اسلام کے خلاف صیہونی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے تشکیل دیا گیاہے۔اس متنازع الائنس سے ان اسلامی ممالک کو دور رکھا گیا جو عالمی دہشت گرد طاقتوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔امریکی حکام کی جانب سے اس امر کا کھلم کھلااظہار کہ یہ اتحاد امریکہ اہداف کی تکمیل کے لیے معاون ثابت ہو گا ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد او آئی سی کے تحت قائم کیا جائے تو ہی نتیجہ خیز اور غیر جانبدار قرار دیا جا سکتا ہے۔ جنرل راحیل شریف اس قوم کا فخر ہیں۔دہشت گردی کے خلاف ان کے جرات مندانہ اقدامات وطن عزیز کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جائیں گے۔انہیں اپنے فیصلوں میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھنا ہو گا۔مختلف ممالک کے ساتھ جنگی اتحاد کے اثرات آنے والی نسلوں تک جاتے ہیں۔سویت یونین کے خلاف افغان جنگ میں ضیا الحق کی پالیسی کے بھیانک نتائج ہم آج تک بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاناما کیس پر فیصلہ آنے میں اب مزید تاخیر مناسب نہیں۔فیصلے سنائے جانے میں مزیدتاخیر عوام کے شکوک و شبہات میں اضافے کا باعث بنے گی۔ بھارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ جناح ہاؤس کو بھارتی حکومت کی طرف سے گرانے کا اعلان تشویش ناک ہے۔بھارت تعصب کی آگ میں عالمی قوانین اور اخلاقی اقدار کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔قائد اعظم کا گھر ایک عظیم تاریخی ورثہ ہے۔عالمی قوانین کے تحت اس کی حفاظت بھارتی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے۔حکومت پاکستان بھارت کو اس جارحانہ طرز عمل سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ سعودی عرب کا یہ فوج اتحاد کشمیر ،فلسطین اور برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش کیوں ہے؟انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف بھارتی وزیر اعظم مودی سے رابطے کر کے جناح ہاؤس کو مسمار کیے جانے والے فیصلہ کو واپس لینے پر زور دیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک سے لوٹا گیا قومی سرمایہ واپس لایا جائے، اپوزیشن اور حکمران جماعت ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کرکے اپنے گناہ چھپانے کی کوشش میں مصروف ہیں، پوری قوم لوٹی ہوئی رقم کی ایک ایک پائی کا تقاضا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس اکاؤنٹس ہوں، لندن فلیٹس یا پھر آف شور کمپنیاں قوم کو ایک ایک پیسے کا حساب دیا جائے، اقتدار کے حصول کے لئے تیری باری میری باری کا کھیل اب مزید نہیں چل سکتا، عوام نے تمام چہروں کو اچھی طرح پہچان لیا ہے، وفاق میں حکمرانوں اور سندھ کی صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو محض تشہیراتی مہم تک محدود رکھا، سندھ میں حکومتی اداروں میں عملہ کی موجودگی کے باوجود صفائی کے ناکافی انتظامات سے تنگ آکر پرائیویٹ سطح سے صفائی کا آغاز کیا جانا حکومتی نااہلی کی بدترین مثال ہے۔
علامہ ناصر عاس نے کہا کہ تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز کی معاشی رپورٹ چشم کشا ہے، جس کے مطابق 2 کروڑ بیس لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، رپورٹ میں معاشی پالیسیوں کو ناقص اور معاشی ترقی کے برعکس قرار دیا گیا، انفراسٹرکچر کے فقدان کے سبب نجی سرمایہ کاری نہ ہونے کے برابر ہے۔ علامہ ناصر عباس نے کہا کہ حکومت کے پاس پہلے دن سے کوئی پالیسی موجود نہیں، یہی وجہ ہے کہ تعلیم، صحت، توانائی، سرمایہ کاری اور بیروزگاری کے خاتمے سمیت کسی بھی میدان میں بہتری نہیں لائی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو الیکشن کا انتظار ہے اور عین الیکشن کے نزدیک عوامی منصوبوں کا اعلان کرکے عوام کو بےوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
وحد نیوز (لیہ) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی سے آل پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر چوہدری شاہد محمود، جنوبی پنجاب کے رہنماء چوہدری محمد ثاقب اور جہانگیر خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنماء ڈاکٹر ناصر علی جعفری بھی موجود تھے۔ لیہ میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی حالات، بالخصوص جنوبی پنجاب کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ دونوں جماعتوں کے مابین پاکستان کو دہشتگردی، کرپشن سے پاک کرنے کیلئے موثر آواز بلند کرنے کے حوالے سے اتفاق پایا گیا۔ عدیل عباس زیدی نے اے پی ایم ایل کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، دہشتگردی کیساتھ ساتھ کرپشن کے ناسور کے ہمارے وطن کو ترقی سے روک رکھا ہے، حکمرانوں کا رویہ ملک و قوم کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ مجلس وحدت مسلمین دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف روز اول سے میدان عمل میں ہے، محب وطن قوتوں کو پاکستان بچانے کیلئے اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) راحیل شریف کی جانب سے سعودی اتحاد کی سربراہی سنبھالنا عالم اسلام کے مفاد میں نہیں، یہ اقدام پاکستان کو تنہاء کرسکتا ہے، آل پاکستان مسلم لیگ کی قیادت اس حوالے سے حکومت پر اپنا موقف واضح کرے اور پاکستان کو اس متنازعہ اتحاد سے علیحدہ رکھنے کیلئے آواز بلند کرے۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کے مرکزی رہنماء چوہدری شاہد محمود نے کہا کہ ہماری مرکزی قیادت نے محب وطن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کیلئے کوششیں شروع کی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مجلس وحدت مسلمین ایک محب وطن اور عوام کا درد رکھنے والی جماعت ہے، لہذا ایم ڈبلیو ایم کو بھی مرکزی سطح پر اس اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں یہ محب وطن قوتیں ایک پلیٹ فارم سے میدان میں آئیں اور موجودہ کرپٹ اور ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کی جاسکے۔ اس موقع پر عدیل عباس نے کہا کہ مرکزی قیادت کے حکم کے مطابق ہی ہم جنوبی پنجاب میں سیاسی حکمت عملی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں گے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری جنرل آغا علی رضوی نے صوبائی حکومت کی جانب سے اخبارات کی بندش پر مجرمانہ خاموشی اورمطالبات پر لاپرواہی کے خلاف سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون کی بندش پرمجرمانہ بے حسی ناقابل قبول ہے۔ عوام موجودہ حکومت کی آمرانہ ذہنیت کو شروع دن سے دیکھ رہے ہیں اور اسی سلسلے میں اب باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت صحافتی اداروں کو اپاہچ کرکے انکو اپنے امور روکنے پر مجبور کردیا ہے۔ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ فی الفور اس معاملے کو حل کرکے صحافیوںکے مطالبات کو پورا کریں ورنہ بھر پور عوامی رد عمل کے ذریعے آمرانہ ذہنیت کو دنیا بھر میں رسوا کرکے دم لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافت کا گلہ بند کرنا بدترین آمریت کی نشانی اور موجودہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ۔نون لیگی حکومت نے ضیا الحق کی یاد تازہ کردی اور ایسا کرنیوالی حکومت کبھی جمہوریت کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔