وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین شعبہ یوتھ ملتان کی ڈویژنل یوتھ کونسل کا اجلاس ڈویژنل نائب صدر حسن عباس گھلو کی زیرصدارت جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوا، اجلاس میں یوتھ ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید سجاد نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ ممبر متحدہ علماء بورڈ پنجاب، صوبائی صدر مجلس علمائے مکتب اہلیبیت علامہ قاضی نادر حسین علوی، مجلس وحدت مسلمین شعبہ عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی نائب صدر مرزا وجاہت علی نے بطور مہمان شرکت کی۔
اجلاس میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری تیمورحسن سمیت ڈویژنل کابینہ، تحصیل ملتان سٹی، ملتان صدر، کبیروالا، جلالپور، شجاع آباد، خانیوال تحصیل صدور اور نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں 10 دسمبر آزادی فلسطین مارچ، تنظیمی صورت حال اور سہ ماہی ایجنڈا پر بات ہوئی۔
اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری سجاد نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور کی طرح ملتان میں بھی 10 دسمبر کو آزادی فلسطین مارچ میں وحدت یوتھ بھرپور شرکت کرے گی اور سیکورٹی اور مینجمنٹ کے فرائض انجام دے گی۔ یوتھ ونگ جماعت کا بازو ہے اور ہمیشہ مظلومین کی حمایت میں یوتھ میدان میں رہے گی۔