وحدت نیوز (سکردو) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام یمن پر سعودی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے اور آواز بلند کرنے کے جرم میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن گلگت ڈویژن کے صدر جمال حیدر اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت کے متعدد رہنماوں کی گرفتاری کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت انتقامی سیاست پر اتر آئی ہے اور چاہتی ہے کہ ایسے ایشوز کھڑا کر کے اپنے سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگائے اور کچل دے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلومین کی حمایت کو دہشتگردی سے تعبیر کرنا اور ریلی کے مقررین کی گرفتاری انتہائی شرمناک عمل ہے۔ گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے عوام ہشیار رہیں اور بھائی چارے کی فروغ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ جارحیت اور ظلم و بربریت جہاں پر بھی ہو ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاکستان آرمی کیساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ جب ساری جماعتیں دہشتگردوں سے نرم گوشہ رکھتی تھیں اور ان ملک دشمن عناصر سے مذاکرات کا رٹ لگا رہے تھے تو اس وقت پاکستان آرمی کی نظریاتی اور اخلاقی معاونت کرنے والی جماعت مجلس وحدت مسلمین ہے۔ آج صوبائی حکومت سمیت کوئی بھی حکومت ہمیں کمزور کرنے اور کچل دینے کے در پے دراصل اسی جرم میں اور اس سبب سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے نرم گوشہ رکھنے والوں کو واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب سمیت دہشتگردوں کے خلاف اٹھائے جانیوالے پاکستان آرمی کے ہر اقدام کی ہم بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ہم ملک میں فوجی عدالتوں کو بھی خیر مقدم کرتے ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف ملکی سا لمیت کے لیے ہمیں اول صف میں پائیں گے۔ ہماری ان تمام سرگرمیوں کے باوجود ہمارے رہنماوں پر دہشتگردی کا مقدمہ بنانا شرمناک عمل ہے۔ وہ جو ملک سے سب سے زیادہ دہشتگردوں کے مخالف کھڑے ہیں اور دہشتگردوں کی طرف سے جن کو سب سے زیادہ خطرات انہی کیخلاف ایسے مقدمات ناقابل برداشت ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ صوبائی حکومت ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے رہنماوں کے خلاف درج بلاجواز مقدمات کو واپس لے کر فوری طور پر رہا کرے بصورت دیگر ہم احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور استحکام کے لیے پاکستان آرمی کی کاروائیاں لائق تحسین ہے، پاکستان آرمی نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے، ہم پاکستان آرمی کے ان اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور انکے عزائم میں کامیابی کے لیے دعا گو بھی ہیں۔