وحدت نیوز(گلگت) صوبائی ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چیف سیکرٹری کا دورہ ہسپتال عوام دوست اقدام ہے اس طرح کے اقدامات سے ادارے فعال ہونگے خاص کر محکمہ ہیلتھ پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے، جہاں انسانی زندگیوں کا دارومدار ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری سے اپیل کی کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے جائز مطالبات کے حل کیلئے بھی اقدامات کریں تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر سکیں، خاص کر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی قلت کو دور کرنے کیلئے عرصہ دراز سے زیر التوا کیس کیڈر کی تبدیلی کو فوراً حل کریں اور بند شعبوں کو بھی فعال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف سیکرٹری کارڈیک سنٹر کی لوکیشن کی تبدیلی کا نوٹس لیں اور اس کی تعمیر DHQ ہسپتال میں یقینی بنائیں۔