وحدت نیوز(گلگت ) مساجد پر پے درپے حملے حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تکفیری قوتیں پاکستان کی سلامتی نہیں چاہتیں،شیعہ اور سنی بقائے ملک عزیز کیلئے متحد ہوکر ان تکفیری قوتوں کا مقابلہ کرینگے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادینگے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے پاکستان عوامی تحریک کے نمائندہ وفد سے وحدت ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ مجلس وحدت کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان عوامی تحریک کے وفد کو سرزمین گلگت بلتستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان میں پاکستان عوامی تحریک کی بھرپور حمایت کرے گی ۔منہاج القران کے سید فرحت حسین شاہ کی قیادت میں وفد نے وحدت ہاؤس کا دورہ کیا اور پاکستان دشمنوں سے ملک عزیز کے عوام کو چھٹکارا دلوانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر مجلس وحدت کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے تکفیری قوتوں نے ملک کے طول و عرض میں بے گناہ بچوں اور نمازیوں کو نشانہ بنایا ہوا ہے اور راولپنڈی میں دوسری مرتبہ خود کش حملہ کیا گیا جو حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک عزیز پاکستان سنی اور شیعہ مسلمانوں کی مشترکہ جدوجہد سے معرض وجود میں آیا ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری بھی دونوں مسالک کے پیروکار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں پر ماڈل ٹاؤن لاہور میں ظلم و بربریت کی انوکھی مثالیں قائم کی ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب مارچ کے ذریعے ملک کے طول عرض میں جو پیغام پہنچایا ہے اس کے اثرات بہت جلد ظاہر ہونگے ۔ مجلس وحدت پاکستان عوامی تحریک کی تکفیری گروہوں کے خلاف قیام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔