وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین نے عوامی ایکشن کمیٹی سے باقائدہ علیحدگی کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کی صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی کی صدارت میں صوبائی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس میں منعقد ہوا، اجلاس میں کہا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کئی ماہ سے اپنے بنیادی مقاصد سے پیچھے ہٹتے ہوئے مخصوص سیاسی سوچ پر پروان چڑھ رہی ہے،جوکہ وطن دشمنی کی عکاسی کرتی ہے، جوکہ مجلس وحدت مسلمین کے بنیادی موقف اور منشور سے متصادم ہے،جبکہ ایم ڈبلیوایم ایک محب وطن جماعت ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا پانچواں آئینی صوبہ بنانے کی جدوجہد مجلس وحدت کے بنیادی اہداف میں شامل ہے،عوامی ایکشن کمیٹی کی تاسیس کا ہدف عوامی حقوق کا تحفظ تھا اس بناء پر ایم ڈبلیوایم اس کمیٹی میں شامل تھیں اب جبکہ کمیٹی میں شامل بعض عناصر اس پلیٹ فارم کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہوئے اسے سیاسی جماعت کا رنگ دے کراپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں تو ایم ڈبلیوایم کے کمیٹی میں رہنے کا جواز ختم ہو چکا ہے، اجلا س میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ چونکہ ہمارے آباؤ اجداد نے اس خطے کو پاکستان میں شامل کروانے کیلئے اسے آزاد کروایا تھا لہٰذامجلس وحدت مسلمین اس خواب کو حقیقت بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی،اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ آج کے بعد ایم ڈبلیوایم کا عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
دوسری جانب علامہ شیخ نیئر عباس نے نواز لیگ کی جانب سے غیر آئینی انداز سے نگراں وزیر اعلیٰ ، نگراں کابینہ اور الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے بعد غیر آئینی گورنر کی تقرری کو شدید تنقید کا نشانہ بنا یاہے، ان کاکہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی اورموجودہ وفاقی وزیربرجیس طاہر کو گورنر گلگت بلتستان متعین کرکے نواز لیگ نے اپنے مکراہ عزائم ظاہر کردیئے، جس جماعت کے وزراء کے نذدیک گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ ہی نہیں انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ایک غیر مقامی شخص جوکہ پہلے ہی ایک منتخب ایوان کا رکن اور وفاقی وزیر کی ذمہ داری پر فائز ہو کو گلگت بلتستان کا گورنر نامزد کرے، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نواز لیگ کی جانب سے پری پول ریگنگ کی تیاریوں پر گھری نگاہ رکھے ہوئے ہے، اگر نواز لیگ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئی توگلگت بلتستان کے غیور عوام نواز لیگ پر گلگت بلتستان کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کردیں گے۔