وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کامیاب شٹرڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کے انعقاد پر انجمن تاجران بلتستان کے سربراہ اور تمام ممبران کو تبریک پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ٹیکس کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف موثر اور ٹھوس اقدام اٹھا کر واضح کر دیا کہ عوام ظلم اور معاشی قتل پر خاموش نہیں رہنے والی۔ آغا علی رضوی نے ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف انجمن تاجران جس طرح کے اقدام اٹھائے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچا کے دم لیں گے۔ ود ہولنڈنگ ٹیکس حکومت کا ظالمانہ اقدام اور عوام کا معاشی قتل ہے جس پر کبھی خاموش نہیں رہا جا سکتا ۔ حکومت ایک طرف گلگت بلتستان پاکستان کا حصہ سمجھنے سے انکار کرتی ہے اور دوسری طرف ٹیکسز لاگو کر کے حقوق سے محروم اس غریب اور مظلوم عوام کا عرصہ حیات تنگ کرنا چاہتی ہے ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہم نہ گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا خاتمہ ہونے دیں گے اور نہ کسی قسم کا ٹیکس لگنے دیں گے، گلگت بلتستان کے عوام پر ٹیکس عائد کرنا انسانی اورعالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جسے کبھی برداشت نہیں کریں گے۔