وحدت نیوز( گلگت) مجینی محلہ شہید ملت روڈ پربے گناہ جوانوں کو دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کرنے کے واقعے کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود ملزمان کی عدم گرفتاری تشویشناک ہے۔انتظامیہ طفل تسلیوں کے ذریعے ٹائم پاس کررہی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ایسا لگ رہا ہے کہ انتظامیہ اور ہشت گرد آپس میں ملے ہوئے ہیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے رہنما سعید الحسنین نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مجینی محلہ شہید ملت روڈ پر آتشیں اسلحے سے فائرنگ کرکے تین نوجوانوں کو زخمی کرنے والے دہشت گردوں کی عدم گرفتاری سے ہم یہ سمجھنے میں حق بجانب ہیں کہ حکومت صرف اور صرف اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کا قانون استعمال کررہی ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔حکومت کے اس رویے سے علاقے کے عوام میں عدم تحفظ کا احساس نمایاں ہوتا جارہا ہے اور دوسری طرف دہشت گرد بلا خوف و تردد گھوم رہے ہیں اور حکومت ان ملزمان کو گرفتار کرنے میں مخلص نہیں ہے ،ماضی میں بھی حکومتوں کے ایسے ہی رویوں کی وجہ سے علاقہ فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھ گیا ہے اور موجود حکومت نے بھی یہ رویہ جاری تو احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے انتظامیہ کے اس رویے سخت تنقید کرتے ہوئے فورس کمانڈر سے اپیل کہ وہ اس دہشت گردی کے واقعے کا نوٹس لیں اور ملزمان کی گرفتاری کویقینی بناکر قرار واقعی سزادلوائیں۔