وحدت نیوز (گلگت) وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کا رخ دہشتگردوں سے پرامن شہریوں کی جانب موڑ دیا ہے حکومت کی اس یو ٹرن نے آپریشن ضرب عضب کو بھی متاثر کیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ گلگت میں اظہار یکجہتی کی خاطر شرکت کرنے والے رہنماؤں اور اکابرین سے گفت شنید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا یہ احتجاج ملک کے مظلوم طبقات کو انصاف دلانے کی خاطر ہے ۔ہم قائد اعظم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جس میں ہر فرقے اور مذہب کے ماننے والوں کو آزادی کے ساتھ اپنے رسوم کی ادائیگی کا پورا پورا حق حاصل ہے لیکن حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور جانبداری کی وجہ سے آج ملک دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے۔ملک کے کسی شہری کی جان ومال و آبرو محفوظ نہیں اور آئے روز معصوم شہریوں کے خون سے یہ جنت ارضی رنگین ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے تمام مظلوم طبقات علامہ ناصر عباس سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں جو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ظلم کے مد مقابل کھڑا ہے۔ہماری جدوجہد اس ملک کی بقا ،تعمیر و ترقی اور ایک پرامن پاکستان کیلئے ہے جس میں نسل، ذات پات اور مذہبی تفرقات کی بیخ کنی ہو اور کرپشن سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے میدان عمل میں ہیں۔گلگت میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی اسلام آباد میں بھوک ہڑتال کی حمایت میں پانچویں روز بھوک ہڑتال جاری رہی اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اظہار یکجہتی کی خاطربھوک ہڑتالی کیمپ میں شرکت کی۔انہوں نے تحریک اسلامی کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی کیپٹن محمد شفیع اور پیپلز پارٹی کے رہنما رانا نظیم کاہڑتالی کیمپ آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔