وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے رہنماء ڈاکٹر کاظم سلیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ نون اسکردو روڈ کا وزیراعظم سے جعلی افتتاح کروا کر بہت بڑے فراڈ کا مرتکب ہوئی ہے، ایک ایسا فرضی منصوبہ جس کی کوئی بنیاد نہ ہو، صرف انتخابات کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کے لئے لاکھوں عوام کی احساسات اور جذبات سے کھیلنا بہت بڑا جرم ہے۔ ملک کا چیف ایگزیکٹیو اس بڑے جرم کا مرتکب ہوا ہے، لہٰذا وزیراعظم سمیت نون لیگ کے صوبائی پالیسی سازوں پر آرٹیکل 63،62 کے تحت مقدمہ قائم ہونا چاہئے۔ یہ بات ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ڈاکٹر کاظم سلیم نے اسلام آباد میں’’ ویژن 2020‘‘ کے زیر اہتمام ’’ گلگت بلتستان کا آئینی مستقبل، عوام اور حکومت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ متمدن معاشروں میں ایسے فراڈ کام سامنے آنے کے بعد حکومتیں مستعفی ہوجاتی ہیں لیکن یہاں جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہا ہیں۔ ہم چاہتے ہیں علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے حکومت کو کام کرنے دیا جائے، لیکن حکومت کے رویے سے ایسا لگتا ہے کہ ان کا کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، بلکہ عوام دشمن اقدامات کے ذریعے اقتصادی راہ داری کیلئے موجود سازگار فضاء کو بھی خراب کرنا چاہتی ہے۔ عوامی ملکیتی زمینوں کو خالصہ سرکار قرار دیکر عوام سے چھیننا، گلگت بلتستان کی قومی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے کے لئے علاقے کو تقسیم کرنے کے فارمولے اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ موجودہ حکومت ہر حال میں علاقے میں کشیدگی بڑھانا چاہتی ہے، جو ہمارے ملی اور قومی مفاد کی منافی ہے۔