وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلتستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت سنجیدہ نہیں ، انہیں کھیل تماشے سے فرصت ملے تو غریب سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کوشش کی جائے۔ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کی بروقت بحالی کرنے کی بجائے وقت گزار نے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سیلاب متاثرین ہے وہاں فوٹو سیشن کے علاوہ عوام کو انکے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں ہوا قوم کو بتایا جائے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کو ترک کر کے کھیل تماشوں اور سیر سپاٹوں کا مقصد ہے۔ صوبائی حکومت فیسٹول اور میلوں کے ذریعے عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے خواہاں ہیں۔ ایک طرف وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکسز کا میزائل برسایا جا رہا ہے اور دوسری طرف صوبائی حکومت کھیل تماشوں میں عوام کو مصروف رکھنا چاہتی ہے۔ جو وسائل کھیل تماشوں میں خرچ ہو رہے ہیں ان کو متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے صرف کیے جاتے تو عوام مان جانتی کہ صوبائی حکومت یہاں کی عوام سے مخلص ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فوٹو سیشن اور اخبارات میں بیانات داغنے کے علاوہ کچھ نہیں ہو ا۔