وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد بلال سمائری نے وحدت ہاؤس گلگت میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظالم کے خلاف قیام کرنا اور مظلوم کی مدد کرنا قرآنی تعلیمات کے عین مطابق ہے جو لوگ ظالم کے مقابلے میں خاموشی اختیار کرتے ہیں وہ بھی ظالم ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے یمن کے مظلوم عوام پر سعودی جارحیت کی مذمت کر کے سنت پیغمبرؐ اور قرآنی تعلیمات کی پیروی کی ہے اور آئندہ بھی ظلم اور ناانصافی کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے رہیں گے اور یہ سبق ہمیں سالار حریت نواسہ رسول امام عالی مقام کی درسگاہ سے ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ الیکشن سے فرار کے راستے ڈھونڈ رہی ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کو ہراساں کر کے الیکشن کمپین میں اپنے لئے میدان صاف کرنا چاہتی ہے جس طرح دہشت گردگروہوں سے سہارا لیکر انہوں نے 2013ء کے الیکشن میں دوسری سیاسی جماعتوں کی الیکشن مہم پر پابندیاں لگوا دیں تھیں اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار کی کرسی ہتھیالی ہے، لیکن نواز حکومت یہ یاد رکھے کہ یہ گلگت بلتستان ہے یہاں ان کی تکفیری سوچ کسی صورت پروان نہیں چڑھ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ چند ڈالروں کے عوض سعودی اتحاد میں شامل ہونا کہاں کی عقلمندی ہے جبکہ یہ بھی معلوم ہے کہ سعودی اتحاد کے پیچھے امریکہ اور یہودی لابی کی سازش کار فرما اور وہ مسلم ممالک میں کشت و خون کے درپے ہیں۔ کون نہیں جانتا کہ یہ وہی سعودی عرب ہے جس نے مصر میں اخوان المسلمین کی حکومت ختم کرنے کیلئے جنرل سیسی کا ساتھ دیا جس نے برسراقتدار آکر ہزاروں اخوان المسلمون کے کارکنوں کو جیلوں میں پابند سلاسل کیا ہے۔ یہ سب کچھ جانتے ہوئے نواز حکومت کا سعودی اتحاد میں شامل ہونے کیلئے بے تاب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ انہیں ملک عزیز کی سلامتی سے کوئی غرض نہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج آج دہشت گردوں سے برسر پیکار ہے اور سعودی اتحاد جو شام اور عراق میں داعش کی پشت پناہی کر رہا ہے کی مدد کرنا ایک طرح سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔ انہوں نے نگران حکومت کو خبردار کیا کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے اور جھوٹی ایف آئی آر کے ذریعے کشیدگی کو ہوا دینے سے پرہیز کیا جائے۔