وحدت نیوز (گلگت) دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کے بغیر امن کا قیام محض ایک خواب ہے حکمران مذ متی بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے ہیں۔کراچی میں اسماعیلی برادری پر دہشت گردی کا واقعہ کالعدم جماعتوں کی کارستانی ہے سند ھ حکومت دہشت گردوں کے خلاف بھرپور ایکشن کرنے میں مخلص نہیں ،کراچی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے فوجی آپریشن کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے علمدار چوک دنیور میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے دہشت گرد منظم ہیں اور حکومت ایکشن لینے سے گھبرارہی ہے ایسی حکومتوں کی موجودگی میں امن کا قیام محض ایک خواب ہے۔سندھ حکومت نے کراچی کو دہشت گردوں کے حوالے کررکھا ہے اور دہشت گردکالعدم جماعتوں کی صفوں میں پناہ گزین اور یہ کالعدم جماعتیں پورے پاکستان میں ملت تشیع کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔وزیرستان سے فرار ہونے والے دہشت گردوں نے شہروں میں محفوظ ٹھکانے بنا رکھے ہیں اورموقع ملتے ہی اسلام دشمنوں کے پروردہ یہ دہشت گرد بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے اورمل عزیز کے باسیوں کوتحفظ دینے کی بجائے دوسرے ممالک میں فوج بھیجنے کی انتہائی غیر سنجیدہ روش پر کاربند ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین واقعے میں شہید ہونے والے مرد و خواتین اور بچوں کے ورثاء کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دنیابھر کے مظلوم ، بے کس اور بے سہارا لوگوں کی حما یت اور ظالموں سے اظہار نفرت کرنا ہم اپنا شرعی فریضہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر پچھلے کئی سالوں سے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور حکمرانوں کو صر ف اپنے ہی مفادات سے غرض ہے۔انہوں نے مطا لبہ کیا کہ کراچی کو فی الفور فوج کے حوالے کیا جائے تاکہ دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔