بلتستان میں یوم القدس شایان شان طریقے سے منایا گیا، شیعہ تنظیموں کی مشترکہ ریلی

03 اگست 2013

وحدت نیوز (اسکردو) رہبر معظم اسلامی، رہبر مسلمین و مستضعفین جہاں سید علی خامنہ ای کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے دنیا بھر کی طرح بلتستان میں بھی یوم القدس نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں بلتستان میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن روندو یونٹ کے زیراہتمام روندو میں مختلف مقامات پر القدس ریلیاں برآمد ہوئیں، آئی ایس او شگر یونٹ کے زیراہتمام بھی قبلہ اول پر یہودی قبضہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی گئی، کھرمنگ خاص اور مہدی آباد میں بھی آئی ایس او کے زیراہتمام غاصب اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف لوگ سڑکوں پہ نکل آئے، اسی طرح ضلع گنگچھے میں آئی ایس او خپلو یونٹ نے فقید المثال قدس ریلی کا اہتمام کیا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح آئی ایس او گمبہ یونٹ نے خانقاہ گمبہ اسکردو سے مالک اشتر چوک تک القدس ریلی نکالی۔

 

جبکہ بلتستان میں مرکزی القدس ریلی انجمن امامیہ بلتستان کے زیراہتمام مرکزی امامیہ جامع مسجد اسکردو سے یادگار شہداء اسکردو تک نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں مظاہرین شریک تھے۔ مرکزی القدس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن، شیعہ علماء کونسل بلتستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بلتستان ڈویژن اور امامیہ آرگنائزیشن نے بھرپور شرکت کی، جبکہ نظامت کی ذمہ داری انجمن امامیہ کے پاس تھی۔ ہزاروں کی تعداد میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ جس پر غاصب اسرائیل اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں موجود مظاہرین کی ’’امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے اسکردو کی فضا گونج رہی تھی۔ جبکہ شرکاء کی ایک بڑی تعداد نے امریکہ کی بدنام زمانہ تنظیم یو ایس ایڈ کو آڑے ہاتھوں لیا اور یو ایس ایڈ کے خلاف بھی شدید نعرہ بازی کی۔ القدس احتجاجی ریلی جب یادگار شہداء اسکردو پہنچ گئی تو ایک عظیم الشان جلسہ کی صورت اختیار کر گئی۔ اس عالمی احتجاج کے موقع پر احتجاجی جلسہ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے صدر امتیاز عابدی، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے رہنما اور فرزند شہید حسن ترابی، علمائے قم کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ذاکر حسین مقپون اور شیعہ علماء کونسل کی طرف سے علامہ شیخ فدا حسین عبادی جبکہ انجمن امامیہ کی طرف سے شیخ زاہد حسین زاہدی نے خطاب کیا۔

 

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ و اسرائیل صرف عالم اسلام کے مشکلات و مسائل کا سبب نہیں بلکہ عالم انسانیت کو درپیش تمام مسائل اور مشکلات کا ذمہ دار ہے۔ امریکہ و اسرائیل کی خناسیت اور شیطنت کی وجہ سے عالم انسانیت میں بےچینی بڑھ گئی ہے۔ اور یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ امریکہ دشمن اقوام جہاں ہے، امریکہ سرغنہ مجرمین جہاں ہے، امریکہ شیطان بزرگ ہے۔ اگر دنیا بھر کے مظلومین اور مستضعفین قیام کریں تو شیطان بزرگ امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتے ہیں۔ یوم القدس کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ حکومت پاکستان ہوش کے ناخن لیں اور دوست دشمن کو پہچان لیں، باقی حکومتوں کو امریکہ کی بیساکھی پر چلنے کا صلہ مل چکا ہے جو انہیں مل جائے گا۔ امریکہ کسی صورت پاکستان اور اسلام کا دوست نہیں ہو سکتا۔ یہ ہمارے جاہل حکمرانوں کی خام خیالی ہے کہ امریکہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گا، امریکہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے نہیں دھکیلنے کے لیے آیا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیاں بھی امریکہ کے دسترخوان سے ہڈی چبانے کا سلسلہ ختم کریں اور وطن عزیز کو امریکہ و اسرائیل کی مقاصد کے لیے استعمال ہونے نہ دیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایجنسیاں امریکہ کی ایماء پر پاکستان سے دہشت گردوں کو شام بھیج رہی ہیں، کبھی بنوں جیل سے دہشت گردوں کو تو کبھی ڈی آئی خان سے چھڑا کے شام لے جایا جا رہا ہے۔ شام میں باغیوں کی حمایت امریکہ و اسرائیل کی حمایت اور مسلمانوں کے قلب میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہیں۔ پاکستانی حکومت شام میں امریکی اور اسرائیلی ایجنٹوں کی معاونت کر کے فلسطینی مسلمانوں کے خون میں اپنے ہاتھوں کو رنگنے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس صرف قدس کا مسئلہ نہیں بلکہ دنیا بھر کے تمام مظلوموں اور کمزوروں کا دن ہے۔ اس دن وقت کے فرعونوں سے اظہار برائت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ناپاک قدم جہاں جہاں جمے ہیں وہاں کی سرزمین بےگناہوں کے خون سے رنگین ہوئی ہے اور  امن و سکون کی جگہ فتنہ و فساد نے لی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی امریکی تنظیمیں متحرک ہیں اور یہاں کے امن و امان کا بھی اللہ ہی حافظ ہے، سانحہ کوہستان ہو یا نانگا پربت امریکہ کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر معظم حکم کریں تو ہم گلگت بلتستان میں امریکی مفادات کو سبوتاژ کرنے کے لیے مستعد اور تیار ہیں۔ جلسہ کے آخر میں شیعہ علماء کونسل کے صدر علامہ شیخ فدا حسین نے قرارداد بھی پیش کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree