وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں پر غداری کی جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والے پاکستان دشمن اور اس ملک کے وفادار نہیں ،الیکشن سے قبل تک ایمپاورمنٹ آرڈر کی مخالفت میں بیانات دینے والوں کو صرف اپنے مفادات سے غرض ہے۔ محب وطن افراد کو محض سیاسی مخالفت کی بناء پر پاکستان مخالف قرار دینے کی مذموم کوشش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی اور شیخ محمد بلال سمائری نے صوبائی،ڈویژنل اور ضلعی عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جھوٹی ایف آر کی آڑ میں مجلس وحدت مسلمین سے سیاسی انتقام لے رہی ہے جس کی انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی،ہماری شرافت سے کوئی ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش نہ کرے۔ہم نے سیاست کو عبادت سمجھ کر سیاسی میدان میں قدم رکھا ہے اور مخالفین کی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف بغاوت کی جھوٹی ایف آئی آر سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے ،انتخابی عمل میں ن لیگ کی پالیسیوں کی مخالفت کی پاداش میں علماء کرام اور بے گناہ رہنماؤں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے جو جمہوریت کی دعویدار جماعت کی قلعی کھولنے کے لئے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی کاروائیوں سے باز آئے اور خطے کی محرومیوں اور استحصال کا سد باب کرے ورنہ حکومت کی انتقامی پالیسیوں سے علاقے میں احساس محرومی اور آبادی کے مختلف طبقات کے مابین نفرتوں کی بنیاد جو حکمرانوں نے ڈالی ہے اس میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں علامہ امین شہیدی کے جھوٹے مقدمے میں وارنٹ گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔